وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے جہانگیر ترین گروپ کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف لاہور کے تھانہ ریس کورس میں ایف آئی آر درج کروائی ہے۔
سنیچر کو درج کروائی جانے والی ایف آئی آر کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے نجی ٹی وی چینل پر شہزاد اکبر کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
چینی مافیا واٹس ایپ پر قیمت طے کرتی ہے: شہزاد اکبرNode ID: 553581
-
ترین گروپ کا سینیٹر علی ظفر کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا مطالبہNode ID: 567611
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’نذیر چوہان نے بدنام کرنے کی غرض سے ایسے الزامات عائد کیے ہیں جس سے درخواست کنندہ کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان الزامات سے درخواست گزار کے مذہبی جذبات کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔‘
ایف آئی آر کے مطابق درخواست گزار شہزاد اکبر ملک میں کرپشن کے خلاف اور احتساب کے عمل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان الزامات کا مقصد پاکستان میں احتساب کے عمل کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
خیال رہے کہ رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران شہزاد اکبر پر الزامات عائد کیے تھے۔
نذیر چوہان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ہیں اور وہ حال ہی میں منظر عام پر آنے والے ترین گروپ کے اہم رکن ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق درخواست گزار اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں اور ان پر اس سے قبل بھی اس قسم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں تاکہ ان کو قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکا جا سکے۔
’ان بے بنیاد الزامات سے عوامی سطح پر نفرت کو ابھارا جا رہا ہے جس سے ان کی زندگی بھی خطرے میں ہے۔‘
مشیر داخلہ شہزاد اکبر نے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بھی لاہور پولیس سے نذیر چوہان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اپنی ٹویٹ کے میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ‘ذاتی دشمنی کے لیے مذہبی کارڈ کا استعمال کرنا قابل مذمت ہے۔ لاہور پولیس شہزاد اکبر کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے اپنانے پر رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف سخت کارروائی کرے۔‘
Using religion card for personal vendetta is despicable Lahore Police must take strict action against Nazeer Chohan MPA for using third rated tactics against @ShazadAkbar Shahzad is doing his job State cannot function if it fails to safeguard his officials against such attacks
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) May 29, 2021