Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تہران کی آئل ریفائنری میں آگ بھڑک اٹھی، شہر میں دھوئیں کے بادل

تہران میں حکام نے تاحال آگ بھڑکنے کی وجہ نہیں بتائی۔ فوٹو: اے پی
ایران کے دارالحکومت میں آئل ریفائنری میں بھڑکنے والی آگ سے تہران میں دھویں کے سیاہ بادل دیکھے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
تہران کے کرائسز مینجمنٹ ٹیم کے ڈائریکٹر جنرل منصور دراجاتی نے بتایا کہ آگ سرکاری ریفائنری تندگویان پٹروکیمیکل کمپنی میں لگی جو شہر کے جنوب میں واقع ہے۔

 

انہوں نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ آگ بجھانے والے اہلکاروں کے خیال میں یہ مائع گیس کی ایک پائپ لائن پھٹنے سے لگی۔ تاہم انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔
ریفائنری سے 20 کلومیٹر دور تہران کے مرکز میں موجود ایسوسی ایٹڈ پریس کے ایک صحافی کے مطابق انہوں نے آسمان کی جانب بلند ہوتا دھواں دیکھا۔ اے پی کے ایک اور صحافی کے مطابق انہوں نے علاقے میں گہرے سیاہ دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے۔
ایران کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان مجتبیٰ خالدی نے نیم سرکاری نیوز ایجنسی اسنا کو بتایا کہ علاقے میں دس ایمبولینس اور دیگر آلات بھجوائے گئے ہیں جبکہ ہسپتالوں کو بھی تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ابھی تک یہ معلوم نہیں کیا جا سکا کہ آگ کس چیز سے لگی اور کہاں تک نقصان پہنچایا۔
بدھ کو تہران میں درجہ حرات 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔ ماضی میں گرم موسم میں ایران میں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
تہران کی آئل ریفائنری میں آگ اسی دن لگی ہے جب صبح ایران کا ایک بڑا بحری جہاز آتشزدگی کے بعد خلیج عمان میں ڈوب گیا تھا۔

شیئر: