Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جب اعظم خان چھکے لگائے گا تو لوگ کرس گیل کو بُھول جائیں گے‘

اعظم خان کا پی ایس ایل سمیت 36 فرسٹ کلاس ٹی 20 میچز میں 157 کا سٹرائیک ریٹ ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اپنی دھواں دار بیٹنگ سے مشہور ہونے والے اعظم خان کو 30 کلو وزن کم کرنے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 22 سالہ بلے باز گذشتہ سال سلیکٹرز کی نظروں میں آئے تھے لیکن ان کے انتخاب سے قبل انہیں اپنا 130 کلو کے قریب وزن کم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔
اعظم خان جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان کے صاحبزادے ہیں، نے دعویٰ کیا ہے کہ ’انہوں نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران 30 کلو کے قریب وزن کم کیا ہے۔‘
ان کا پی ایس ایل سمیت 36 فرسٹ کلاس ٹی 20 میچز میں 157 کا سٹرائیک ریٹ ہے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ’ہم نے چار تجربہ کار کھلاڑیوں کو دوبارہ شامل کیا ہے اور اعظم خان کو ان کی ڈومیسٹک کارکردگی کا انعام دیا ہے۔‘
اعظم خان کا پہلی بار پاکستانی کی ٹی 20 ٹیم میں اپنی شمولیت کے حوالے سے ایک ویڈیو میں کہنا تھا کہ ’آج صبح میں ناشتہ کر رہا تھا کہ نبیل بھائی آئے اور مجھے بتایا کہ تمہارا پاکستانی ٹیم میں نام آگیا ہے۔‘

اعظم خان کا کہنا ہے کہ ’ٹیم میں شمولیت کی خبر سن کر یقین نہیں آیا‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’پہلے تو مجھے یقین نہیں آیا۔ مجھے لگا کہ شاید مذاق کر رہے ہیں لیکن جب میں نے سوشل میڈیا پر دیکھا تو لسٹ میں میرا نام موجود تھا۔‘
’میں اصل میں رونے لگ گیا اور ناشتہ چھوڑ دیا۔ میں سب سے پہلے اپنے ابو سے ملنے گیا ان کو یہ خوش خبری سنائی تو کافی جذباتی منظر تھا فلموں والا۔‘
اعظم خان کا کہنا تھا کہ ’اس بات کی کافی خوشی ہے کہ ایک سال جو بھی محنت کی اس کا نتیجہ اوپر والے نے دیا ہے۔ باقی آپ سب کے سامنے ہیں۔‘
انہوں نے ٹیم میں اپنی شمولیت کے حوالے سے کہا کہ ’میں پرامید تھا لیکن ایمانداری کی بات ہے یہ توقع نہیں تھی کہ اتنی جلدی نام آجائے گا۔‘
دوسری جانب اعظم خان کی پاکستان کی ٹی 20 ٹیم میں شمولیت پر کئی لوگ خوش نظر آئے تو کئی برہم۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کا نام بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔
تیمور رضا نے ٹویٹ کی کہ ’جب اعظم خان چھکے لگائے گا تو لوگ کرس گیل کو بھول جائیں گے۔‘

پاکستان کے سابق کپتان اور مایہ ناز وکٹ کیپر راشد لطیف نے اعظم خان کی سلیکشن پر بیٹ کے ساتھ ان کے بچپن کی تصویر شیئر کی۔

عماد حمید نامی ایک صارف نے اعظم خان کی چھکے لگانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس نے ان کو بڑے (چھکے) مارے! اچھے معیار کے بولرز کو بھی نہیں بخشا۔ (میں ان میں سے ایک ہوں) مزید کامیابیاں ملے۔‘
تاہم بعض افراد کی جانب سے اعظم خان کی سلیکشن پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔
نجی چینل کے سپورٹس اینکر سید یحییٰ حسینی نے ٹویٹ کی کہ ’جس طرح  @TheRealPCB میں @NadeemKhanCC ہائی پرفارمینس سینٹر کے ڈائریکٹر بنے، اور جس انداز میں کام کررہے ہیں، سب کے سامنے ہے، اور اب ان کے چھوٹے بھائی سابق کپتان معین خان کے فرزند @MAzamKhan45 کا ٹی 20 سکواڈ میں انتخاب ہماری کرکٹ کے لیے المیہ اور لمحہ فکریہ ہے!‘

شیئر: