عجائب گھر مدینہ منورہ کے قابل دید مقامات میں سے ایک ہوگا۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں مسجد نبوی عجائب گھر کا افتتاح جلد ہوگا۔ مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اس حوالے سے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے عجائب گھر کا دورہ کرکے تمام تیاریوں کا معائنہ کیا اور اس حوالے سے کیے جانے والے انتظٓامات کے بارے میں بریفنگ لی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ عجائب گھر مدینہ منورہ کے قابل دید مقامات میں سے ایک اور علوم و معارف کا سرچشمہ ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مقدس مساجد کی انتظامیہ زائرین کے سفر کو روحانی، تاریخی اور ثقافتی حوالوں سے یاد گار بنانے کے لیے عجائب گھروں اور نمائشوں کا سلسلہ شروع کیے ہوئے ہے۔
انتظامیہ کی کوشش ہے کہ زائرین ایک طرف مقدس مساجد میں حاضری سے روحانی طور پر سکون و آسودگی محسوس کریں اور دوسری جانب انہیں یہ بھی معلوم ہو کہ سعودی عرب مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں زائرین کو کیا کچھ سہولتیں فراہم کرنے کا اہتمام کررہی ہے۔