چینی ویکسین پر سفر،’وزیراعظم مشرق وسطیٰ کے متعلقہ ملکوں سے خود بات کر رہے ہیں‘
چینی ویکسین پر سفر،’وزیراعظم مشرق وسطیٰ کے متعلقہ ملکوں سے خود بات کر رہے ہیں‘
اتوار 6 جون 2021 13:30
شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ویکسینیشن کا عمل پڑوسی ممالک کی نسبت کافی بہتر ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے حوالے سے کہا کہ ’نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں جس کا عمران خان کو بھی دکھ ہے۔‘
اتوار کو اسلام آباد کے جی نائن سیکٹر میں ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ’شہباز شریف کو ہم نے روک لیا ہے اور انہوں نے وزارت داخلہ کو ابھی کوئی درخواست نہیں دی۔‘
سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ جانے کے لیے کورونا ویکسین کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین کی ویکسین لگوانے کے بعد سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کا سفر کرنے والوں کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان خود متعلقہ ملکوں کے حکام سے بات کریں گے۔
پڑوسی ملکوں کے مقابلے میں پاکستان میں ویکسینیشن کافی بہتر ہے۔ کم سے کم مدت میں ویکسینیشن مکمل کر لیں گے۔
’دنیا ویکسینیشن کی طرف جا رہی ہے، پہلے ویکسین کے خلاف پروپیگنڈہ ہو رہا تھا۔‘
چین کی ویکسین لگوانے والے پاکستانی مسافروں کو مختلف ملکوں میں پیش آنے والے مسائل پر ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ ’سائنو فارم زبردست ویکسین ہے، چین کی حکومت کے تعاون کو سلیوٹ کرتا ہوں۔ اس ویکسین کا سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے ملکوں میں جو مسئلہ ہے اس کو عمران خان خود دیکھ رہے ہیں اور انہوں نے کابینہ کو بھی بتایا کہ وہ اس پر متعلقہ ملکوں سے بات کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ انڈیا میں یومیہ چار لاکھ تک لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر پر عمران خان کی قیادت میں قابو پایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس سے اموات میں کمی ہوئی ہے۔
وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اس سے قبل بے کار اور تھکی ہوئی اپوزیشن کبھی نہیں دیکھی۔ ’عمران خان مقدر کا سکندر ہے، اس کا ستارہ بلند ہے اس کو ایسی نکمی اپوزیشن ملی۔‘
شیخ رشید احمد نے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کے سارے ووٹ بجٹ میں حکومت کو پڑیں گے۔
وزیر داخلہ نے وفاقی دارالحکومت میں پولیس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے بتایا کہ اسلام آباد میں ایگل سکواڈ لا رہے ہیں۔ ڈیڑھ سو بائیکس شامل کریں گے۔
خیال رہے کہ سعودی حکام نے مملکت میں آنے والے افراد کے لیے چار ویکسینز کی منظوری دی ہے۔ جن میں فائزر، اسٹرازینکا، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔