مدینہ کی مشہور مساجد کے مینار ’منفرد فن تعمیر کے شاہکار‘
مدینہ کی مشہور مساجد کے مینار ’منفرد فن تعمیر کے شاہکار‘
بدھ 9 جون 2021 5:34
مدینہ کے مقدس مقامات کی فوٹو گرافی سوشل میڈیا پر پسند کی گئی- (فوٹو العربیہ)
سعودی آپٹیکل پیکٹوریل عبداللہ الشامانی نے مدینہ منورہ کی مساجد کے میناروں کے جمالیاتی پہلوؤں کو نمایاں کرکے سوشل میڈیا کے صارفین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق الشامانی کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ کی مشہور مساجد کے مینارے سعودی عرب کے دیگر علاقوں کی مساجد کے میناروں سے مختلف ہیں۔ منفرد فن تعمیر کے خوبصورت نمونے مدینہ منورہ کی اسلامی تاریخ اور وہاں خوبصورت نقش و نگار کے فن کے ارتقا کی خوبصورت علامت ہیں۔
سعودی فوٹو گرافر نے کہا کہ مدینہ منورہ کی مساجد کے مینارے پسند تھے۔ ان کے جمالیاتی عناصر کو اجاگر کرنے کے لیے کیمر ے کا سہارا لیا۔ مسجد نبوی، مسجد قبا، مسجد بلال بن رباح اور مسجد العنبریۃ کے میناروں کی فوٹو گرافی کی۔
انہوں نے بتایا’ فوٹو گرافی کے دوران کچھ ایسے اضافے کیے جو فوٹو گرافروں کی تصویروں کا حصہ نہیں بنے تھے‘۔
الشامانی نے مساجد اور ان کے میناروں کے پہلو بہ پہلو مدینہ منورہ کے نخلستانوں، زرعی فارموں اور مشہور پہاڑوں کو بھی فوٹو گرافی کا حصہ بنایا۔ یہ ایسے مقامات ہیں جنہیں دیکھ کر مدینہ منورہ کی اسلامی تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے خوشی محسوس کرتے ہیں۔
عبداللہ الشامانی نے بتایا کہ 2013 سے فوٹو گرافی کا شوق ہے۔ گورنر مدینہ نے 2018 کے دوران الحرمین ایکسپریس ٹرین کے پہلے سفر کی کوریج پر توصیفی سند دی تھی۔ علاوہ ازیں مدینہ منورہ کے مشہور مقامات کی فوٹو گرافی بھی سوشل میڈیا پر پسند کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مقامات اور میناروں کی فوٹو گرافی سے دیوانہ وار پیار ہے۔ دراصل یہ تصاویر پوری دنیا میں مذہبی فن پاروں کے طور پر پسند کی جاتی ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں