Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکاؤنٹنگ کی 30 فیصد اسامیوں کی سعودائزیشن اس ہفتے شروع ہوگی

اکاؤنٹنگ کے شعبے میں صرف 23 فیصد سعودی ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں اکاؤنٹنگ کی 30 فیصد اسامیوں کی سعودائزیشن اس ہفتے سے شروع ہوگی۔ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود فیصلہ نافذ کرائے گی۔ 
اخبار 24 کے مطابق اکاؤنٹنگ کی سعودی کونسل کے معاون سیکریٹری ڈاکٹر مصعب الجعید نے اکاؤنٹنٹ کی اسامیوں کی سعودائزیشن کے فیصلے پرعمل درآمد کا طریقہ کار واضح کرتے ہوئے کہا کہ وزارت افرادی قوت نے تجارتی اداروں پر چند پابندیاں لگائی ہیں جبکہ سعودائزیشن کا فیصلہ نافذ نہ کرنے والےاداروں کے لیے سزائیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہ فیصلے پر عمل درآمد سے قبل اکاؤنٹنگ کے شعبے میں کام کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار ریکارڈ کی گئی۔ ان میں سے صرف 23 فیصد سعودی اکاؤنٹنٹ ہیں۔
 انہوں نے بتایا کہ وزارت افرادی قوت سعودی اکاؤنٹنٹ کا تناسب 30 فیصد تک پہنچانے کا ٹارگٹ مقرر کرچکی ہے جس سے 9 ہزار سعودی اکاؤنٹنٹ کو تعینات کیا جائے گا۔ 
ڈاکٹر مصعب الجعید نے بتایا کہ اکاؤنٹنٹ کے طور پر وہی سعودی تعینات ہوں گے جو اس حوالے سے مقررہ شرائط پر پورے اتریں گے۔ سب سے بڑی شرط یہ ہوگی کہ سعودی شہری اکاؤنٹنٹ کونسل میں اندراج کرائے ہوئے ہو۔
اندراج کراتے وقت چیک کیا جائے گا کہ مقامی شہری کی ڈگری معتبر ہے یا نہیں۔ یہ بھی دیکھا جائے گا کہ امیدوار مطلوبہ اسامی کے لیے موزوں بھی ہے یا نہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں سعودیوں کا بحیثیت اکاؤنٹنٹ تقرر ان کی ڈگری چیک کیے بغیر کیا جاتا تھا اب ایسا نہیں ہوگا۔   

شیئر: