Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جی سیون کی جانب سے اعلان کردہ ویکسین خوراکیں ناکافی‘

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس وقت ویکسین کی 11 ارب خوراکوں کی ضرورت ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ویکسین کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتاری سے پھیل رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ادھانوم نے صحافیوں سے گفتگو میں جی سیون ممالک کی جانب سے غریب اقوام کے لیے اعلان کردہ ویکسین کی ایک ارب خوراکوں کو ناکافی قرار دے دیا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جی سیون کی جانب سے اعلان کردہ ویکسین کی خوراکیں نہ صرف بہت ہی کم ہیں بلکہ ان کا اعلان بھی بہت زیادہ تاخیر سے کیا گیا۔
ان کے مطابق اس وقت ویکسین کی 11 ارب خوراکوں کی ضرورت ہے۔
خیال رہے سات امیر ممالک پر مشتمل جی سیون گروپ نے اپنے حالیہ سربراہی اجلاس میں غریب اقوام کے لیے کورونا ویکسین کی ایک ارب خوراکیں مہیا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان ویکسین کی تقسیم اور ویکسین تک رسائی میں بہت زیادہ تفاوت پر امیر ممالک پر شدید تنقید کے بعد سامنے آیا تھا۔ فروری میں ان ممالک نے 13 کروڑ خوراکیں مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ٹیڈروس ادھانوم کا کہنا تھا ’میں جی سیون کی جانب  سے ویکسین کی مزید 870 ملین خوراکیں فراہم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہوں جس کی تقسیم کویکس کے ذریعے ہوگی۔‘
’یہ بہت بڑی مدد ہے تاہم ہمیں مزید کی ضرورت ہے اور وہ بھی فوری طور پر۔ اس وقت وبا عالمی طور پر ویکسین کی تقسیم کی رفتار سے تیز پھیل رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’روزانہ 10 ہزار افراد مر رہے ہیں۔ ان کمیونٹیز کو ویکیسن کی ضرورت ہے اور انہیں ابھی چاہیے نہ کہ اگلے سال۔‘
خیال رہے امیر ممالک میں ویکسینیشن ریٹ میں بہتری کی وجہ سے زندگی معمول کی طرف آرہی ہے لیکن غریب ممالک میں ویکسین کی فراہمی بہت ہی کم ہے۔

شیئر: