قرنطینہ کی خلاف ورزی پر مکہ میں 100 اور الجوف میں 10 افراد گرفتار
’قرنطینہ کی خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال جرمانہ اور دو سال قید کی سزا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ پولیس نے قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 100 جبکہ الجوف میں 10 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن پولیس نے کہا ہے کہ گرفتار ہونے والے افراد میں سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی بھی شامل ہیں جنہیں وزارت صحت اور وزارت داخلہ کے ضابطوں کے مطابق خود کو محدود کرنا چاہیے تھا۔
پولیس کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’قرنطینہ کی خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال تک جرمانہ اور دو سال تک قید کی سزا ہے جبکہ دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جا سکتی ہیں۔‘
’خلاف ورزی کے مرتکب غیرملکی کو سزا کی مدت پوری کرنے کے بعد ملک سے بے دخل کردیا جائے گا اور عمر بھر کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔‘
دوسری طرف الجوف پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 10 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔‘
’کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود مذکورہ افراد نے لوگوں سے میل جول جاری رکھا ہوا تھا اور گھر سے باہر نکلتے رہے۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار ہونے والے افراد مقامی شہری ہیں جنہیں وزارت داخلہ کے ضوابط کے مطابق سزا دی جائے گی۔‘