سعودی عرب اور امریکہ موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پرعزم
امریکی ایلچی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر کے ایلچی برائے موسمی تغیرات جان کیری کے دورہ سعودی عرب کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں ممالک بڑھتے ہوئے موسمیاتی چیلنجز پر سنجیدگی اور تیزی سے توجہ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔‘
عرب نیوز کے مطابق بدھ کو جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک پیرس معاہدے پر عمل درآمد مضبوط کرنے کے لیے کام کریں گے، اور جی 20 کی اٹلی میں کامیابی اور گلاسگو میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلوں پر کانفرنس آف دی پارٹیز کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں گے۔
دونوں ممالک نے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کی اہمیت اور سنہ 2020 کی دہائی میں سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی نتائج سے بچا جا سکے۔
مشترکہ اعلامیہ امریکی صدر کے ایلچی برائے موسمی تغیرات جان کیری کے دورہ سعودی عرب کے بعد جاری کیا گیا ہے جہاں انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بدھ کے روز ملاقات کی جبکہ نائب وزیر خارجہ عادل الجبیر سے جان کیری کی ملاقات منگل کو ہوئی تھی۔
سعودی عرب اور امریکہ نے کہا ہے کہ ’دونوں ممالک سعودی گرین انیشی ایٹیو اور مشرق وسطیٰ گرین انیشی ایٹیو سمیت صاف توانائی، پائیدار زراعت، اور زمین کے استعمال کی بھرپور حمایت اور ان پر مل کر کام کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔‘
دونوں ممالک خطے میں قابل تجدید توانائی اور کم اخراج پر منحصر توانائی کا نظام جلد رائج کرنے پر تعاون کریں گے۔
سعودی عرب اور امریکہ نے نجی شعبے کی شراکت داری میں حوصلہ افزائی، اور موسمیاتی تبدیلیوں کی تخفیف اور موافقت کے لیے سمندری اور قدرتی طریقوں پر مبنی حل کی حمایت کا بھی کہا ہے۔
دونوں ممالک نے صاف ہائیڈروجن کی تیاری اور اس کے استعمال کو جلد از جلد ممکن بنانے کے لیے تعاون کا بھی اظہار کیا ہے۔