Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد محمد بن سلمان کا امریکی وزیر دفاع سے خطے کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال

شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکی وزیر دفاع کے درمیان یمن میں جاری جنگ کے خاتمے کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بات چیت میں امریکہ کی سعودی عرب کو اس کے علاقے اور عوام کے دفاع میں مدد کے عزم پر زور دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’بدھ کو لائیڈ آسٹن اور سعودی ولی عہد کے درمیان خطے کی سکیورٹی، خاص طور پر یمن میں جنگ کے خاتمے کی کوششوں اور سعودی عرب کے دفاع کو بہتر بنانے کے لیے جاری دو طرفہ کوششوں کے حوالے سے بات ہوئی۔‘
جان کربی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے سعودی عرب کی مملکت پر حوثیوں کے حالیہ حملوں کو ناکام بنانے کی کامیابیوں کو بھی سراہا اور ولی عہد کا امریکی مندوب برائے یمن ٹام لینڈرکنگ کے ساتھ مل کر جنگ کے خاتمے کے لیے کام کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ مہینے ٹام لینڈرکنگ نے جنگ بندی کی کوششوں میں سنجیدگی نہ دکھانے پر حوثیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

شیئر: