حج : امور صحت کی تیاریاں، مکہ اور مشاعر میں 13 ہسپتال مخصوص
حج : امور صحت کی تیاریاں، مکہ اور مشاعر میں 13 ہسپتال مخصوص
جمعہ 18 جون 2021 9:51
حجاج کو مکمل طورپرمحفوظ کھانا انکے کمروں میں ہی فراہم کیاجائے گا(فوٹو،ٹوئٹر)
وزارت صحت کی جانب سے حج سیزن کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ امسال مکہ مکرمہ اور مشاعرمقدسہ میں 13 ہسپتال مخصوص کیے جائیں گے۔
العربیہ نیوز چینل سے گفتگوکرتے ہوئے مکہ ریجن کے ڈائریکٹر امورصحت ڈاکٹروائل مطیر کا کہنا تھا کہ امسال حج سیزن کے لیے وزارت صحت کی جانب سے مکہ مکرمہ ، مشاعر مقدسہ (منی ، مزدلفہ اور عرفات ) میں تمام سہولتوں سے آراستہ 13 ہسپتال مخصوص کیے ہیں۔
حجاج کےلیے مخصوص کیے جانے والے ہسپتالوں میں 5 سو بستروں پر انتہائی نگہداشت کے یونٹس کے علاوہ کسی بھی وبائی مرض سے نمٹنے کےلیے متعدد آئسولیشن رومز بھی تیار کیے گئے ہیں۔
دوران حج طبی عملے کے حوالے سے ڈاکٹر وائل مطیر کا کہنا تھا کہ حج آپریشن میں شریک ڈاکٹروں اور طبی عملے کی مستقل موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔
حجاج کو پیش کی جانے والی خوراک کے حوالے سے ڈاکٹرمطیر کا کہنا تھاکہ ’حجاج کو دی جانے والی خوارک مکمل طورپرمحفوظ ہوگی جسے مخصوص ’کچنز ‘ میں تیارکیاجائے گا۔ تمام حجاج کو کھانا انکے کمروں میں ہی پہنچایا جائے گا۔
دریں اثنا ’سبق‘ نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر وائل کا کہنا تھاکہ حجاج کے رہائشی مقامات کا تفصیلی جائزہ لینے کےلیے مخصوص کمیٹی قائم کی گئی ہے تاکہ کمروں اور خیموں میں سماجی فاصلے کے اصول پرعمل کویقینی بنایا جاسکے۔
کسی بھی مشتبہ کیس کے حوالے سے سوال پرریجنل ڈائریکٹر صحت کا کہنا تھاکہ ’وزارت صحت نے تمام امورکا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد ہی جامع حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے تحت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنا جاسکتا ہے۔ کسی حاجی کے کورونا میں مبتلا ہونے کا شبہہ ہونے پراسے فوری طورپرآئسولیٹ کرکے میڈیکل ٹیسٹ کیاجائے گا۔