Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حج اجازت نامے ابشر کے ذریعے جاری ہوں گے‘

حج مقامات پر کھانے پینے کا الگ سے کوئی انتظام نہیں ہوگا۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ ’حج اجازت نامے ابشر کے ذریعے جاری ہوں گے‘۔
الاخباریہ چینل کے الراصد پروگرام  میں دیے گئے انٹرویو کی مزید تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ’ عازمین حج بس میں ایک صحت انچارج تعینات ہوگا۔ ضرورت پڑی تو ہر چار حجاج کےلیے ایک اہلکار تعینات کیا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ’ کورونا وائرس سے ممکنہ طور پر متاثرین کے لیے ہیلتھ آئسولیشن کا انتظام کیا ہے- اس سال حج موسم میں سمارٹ کارڈ ایک اہم اضافہ ہوگا‘۔ 
نائب وزیر حج نے کہا کہ ’پچاس برس سے زیادہ عمر کے ایسے ویکسین لگوانے والے افراد کو ترجیحی بنیاد پر حج کا موقع دیا جائے گا جنہوں نے پہلے حج نہ کیا ہو‘۔
’اٹھارہ برس سے کم عمر کسی بھی شخص کو حج مقامات پر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔
نائب وزیر حج نے کہا کہ ’حج کی درخواستیں منظور کرنے کے سلسلے میں خئاتین اور مردوں کی بنیاد پر ترجیح نہیں ہوگی‘۔
’ کسی قومیت کے لوگوں کو دوسری قومیت کے لوگوں پر بھی ترجیح نہیں دی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ حج مقامات پر کھانے پینے کا الگ سے کوئی انتظام نہیں ہوگا۔ اس سال حج مقامات پر افراد و اداروں کی جانب سے خوراک پیکٹ فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ’داخلی معلمین ہی اپنے زیر انتظام حج کرنے  والوں کے قیام و طعام کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ ایسے کسی بھی داخلی حج ادارے و کمپنی کو جو حاجیوں کو براہ راست تمام سہولتیں فراہم نہ کر پارہا ہو اسے داخلی عازمین کی خدمت کا موقع نہیں دیا جائے گا‘۔ 
انہوں نے کہا کہ’ اس سال میونسپلٹی اور بلدیاتی کونسلوں کو بھی حج مقامات پر کیمپ قائم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ ادارے اس سال حج مقامات سے باہر رہ کر کام کریں گے‘۔ 
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اس سال 60 ہزار افراد حج پر بھیجے  جائیں گے اور صرف سعودی شہری اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو ہی حج کی اجازت ہوگی۔

شیئر: