Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حج رجسٹریشن کے لیے فرضی ویب سائٹس سے خبردار‘ 

وزارت حج کا کہنا ہے کہ فرضی اداروں سے کسی قسم کا لین دین نہ کریں۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے سعودی شہریوں اور مقیمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ حج رجسٹریشن کے لیے فرضی اداروں سے کسی قسم کا لین دین نہ کریں۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے کے مطابق وزارت حج و عمرہ کی جانب سے حج رجسٹریشن کے لیے  https://localhaj.haj.gov.sa  ویب سائٹ جاری کی گئی ہے جس پرابتدائی طور پر حج کے لیے درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔
’ویب سائٹ پرجاکر اقامہ نمبر، تاریخ پیدائش، شہر اور موبائل نمبر درج کرنے پر کنفرمیشن کوڈ موبائل پر ارسال کیا جائے گا جس کے بعد ابتدائی رجسٹریشن کی جائے گی۔‘
وزارت حج و عمرہ نے شہریوں اور غیر ملکیوں کو خبردار کیا کہ ’سوشل میڈیا پر فرضی حج رجسٹریشن کی ویب سائٹس پر نہ جائیں بلکہ ایسی کسی بھی ویب سائٹ یا ادارہ جو حج پرمٹ جاری کرانے کا دعویدار ہو کے بارے میں معلوم ہونے پر اس کی اطلاع وزارت کو دی جائے۔‘
نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ اندرون مملکت سے اس سال حج کے لیے رجسٹریشن کا واحد ذریعہ وزارت حج ہے۔ 
ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے مزید کہا کہ ’اب تک 5 لاکھ سے زائد افراد نے اس سال کے لیے حج کی رجسٹریشن کرائی ہے جبکہ رجسٹریشن 13 ذوالقعدہ 23 جون 2021 تک جاری رہے گی جس کے بعد کامیاب امیدواروں کی حتمی فہرست 25 جون کو جاری کی جائے گی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’وزارت حج و عمرہ کی نگران کمیٹی کو ایسے معاملے کی اطلاع موصول ہوئی ہے جس میں سوشل میڈیا پر مفت حج کے علاوہ معمولی رقم کے عوض حج پرمٹ کے اجرا کے اشتہارات جاری کیے گئے تھے۔ ان کے خلاف متعلقہ اداروں کو مطلع کر دیا گیا ہے جو قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔‘
قبل ازیں نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر مشاط نے کہا تھا کہ ’اس سال حج کے لیے مقررہ ایس او پیز کے تحت تمام تر انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔‘

شیئر: