جازان اور ریاض کی فارمیسیوں میں لوٹ مار، گروہ گرفتار
’گروہ چھ سعودیوں اور ایک غیر ملکی پر مشتمل ہے۔(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں پولیس نے جازان اور ریاض میں 58 فارمیسیوں میں لوٹ مار میں ملوث ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ ’گروہ چھ سعودیوں اور ایک غیر ملکی پر مشتمل ہے۔ غیر ملکی کا تعلق سوڈان سے ہے‘۔
’ملزمان گزشتہ چار ماہ کے دوران ریاض اور جازان ریجن میں فارمیسیوں میں لوٹ مار کی کارروائیوں میں ملوث تھے‘۔
بیان میں پولیس ترجمان نے بتایا کہ ’لوٹ مار کے دوران ملزمان فارمیسیوں کی تجوریوں سے نقد رقم جب کہ دوائیں بھی ساتھ لے گئے۔ مسروقہ دواووں کی قیمت آٹھ لاکھ 31 ہزار ریال ہے‘۔
’گرفتار ملزمان نے لوٹ مار کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوش کے حوالے کردیا گیا‘۔