انڈین کلچرل سوسائٹی: کتب جمع کرنے کی مہم
کے جی سے بارہویں تک کی 20 ہزار کتابیں ہر سال مفت طلباءمیں تقسیم کی جاتی ہیں
جدہ ( امین انصاری )انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ کی جانب سے استعمال شدہ ہندوستانی اسکول کی نصابی کتب جمع کرنے کی مہم کا آغاز کردیا گیا ۔ ہر سال انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ تعلیمی سال کے اختتام پر پرانی کتابیں جمع کرتی ہے اور اسے ضرورت مند نیز مستحق طلباءمیں تقسیم کرتی ہے ۔ سوسائٹی کے صدر عارف قریشی اپنے اراکین کے ہمراہ گزشتہ کئی دہائیوں سے یہ کام انجام دے رہے ہیں ۔گزشتہ تعلیمی سال سوسائٹی نے جدہ میں 20 ہزار نصابی کتب طلباءو طالبات میں تقسیم کی تھیں ۔ جبکہ طائف اور ریاض کو بھی ہزاروں کی تعداد میں کتابیں روانہ کرکے وہاں بچوں میں تقسیم کی گئی تھیں ۔امسال ہدف پچھلے سال سے زیادہ ہے ۔ عارف قریشی نے بتایا کہ K G سے بارہویں جماعت تک کی کتابیں نئے تعلیمی سال کے نصاب کے مطابق تیار کر کے کسی معاوضے کے بغیر طلباءمیں تقسیم کرتے ہیں ۔اس کار خیر کو انجام دینے کےلئے اراکین سوسائٹی اور ان کے افراد خاندان بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ سوسائٹی نے امسال بھی ایسا ہی منصوبہ تشکیل دیا ہے اس کیلئے اولیائے طلباءسے تعاون کی درخواست ہے کہ وہ اپنے بچو ں کی نصابی کتب جو بہتر حالت میں ہوں انہی کو سوسائٹی کے حوالے کریں تاکہ لینے والے طلباءکو اچھی حالت میں کتابیں مل سکیں ۔ بے شمار احباب ناکارہ کتابیں جمع کرواتے ہیں جس سے ہمیں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آپ اپنی پرانی کتب شہر کے مختلف معینہ مقامات جس میں عزیز اسٹور ( عزیزیہ ) شاداب ر یستوران (عزیزیہ ) الشادی اسٹور( عزیزیہ ) مبارک اسٹور ( عزیزیہ ) الریان پولی کلینک ( شرفیہ ) اسپائسز گارڈن ریستوران ( عزیزیہ ) اور تاج اسٹیشنری ( عزیزیہ ) پر جمع کرسکتے ہیں۔ سوسائٹی کے اراکین روزانہ کی بنیاد پر ان جگہوں سے کتب اکٹھی کرکے انہیں قابل استعمال بناکر طلباءو طالبات میں تقسیم کردینگے ۔ نیز ضرورت مند طلباءکے والدین سے درخواست ہے کہ وہ ان اراکین سے فون پر رابطہ کرکے اپنی ضرورت کی کتابیں حاصل کرسکتے ہیں ۔ ڈاکٹر دلشاد شمسی 0504318610، مقبول پرویز 0508008964، اقبال السولکر 0506377569، عارف قریشی 0503622124، عارف مسعود صدیقی 0537543065 لیئق صدیقی 0505586766