امارات دنیا میں سب سے زیادہ کورونا ویکسین لگانے والا ملک
امارات دنیا میں سب سے زیادہ کورونا ویکسین لگانے والا ملک
پیر 5 جولائی 2021 11:56
قومی ویکسی نیشن پروگرام کے تحت72.1 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل۔ (فوٹو عرب نیوز)
بلومبرگ ویکسین ٹریکر کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق متحدہ عرب امارات کورونا ویکسی نیشن کی 15.5 ملین خوراکیں مہیا کرنے کے بعد دنیا میں سب سے زیادہ کورونا ویکسین دینے والا ملک بن گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امارات میں جاری قومی ویکسی نیشن پروگرام نے اب تک ملک کی72.1 فیصد سے زیادہ آبادی کی ویکسی نیشن مکمل کر لی ہے۔
متحدہ عرب امارات ہر100افراد کو لگائی جانے والی کل خوراکوں کے لحاظ سے سیشلز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں وبائی امراض کی روک تھام اور صحت کے وزیر عبدالرحمان بن محمد بن ناصر ال اویس نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں اس تازہ ترین کامیابی کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے فعال ویژن نے کورونا وائرس کے دوران درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل بنایا ہے۔
وزارت کے بیان میں صحت کے شعبوں کی کوششوں کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کی وسیع پیمانے پر فراہمی اور خوراک لینے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
امارات میں صحت اور وبائی امراض کی روک تھام کی وزارت نے گذشتہ روز اتوار کو بیٹا ، ڈیلٹا اور الفا وائرس کی مختلف حالتوں میں بہتر مقابلہ کرنے کے لیے کورونا وائرس میں ہنگامی طور پر موڈرنا ویکسین کی رجسٹریشن کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ امارات کی وزارت صحت کی جانب سے اتوار کے روز یہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مزید تین ہلاکتوں کے ساتھ کورونا وائرس کے1،599 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔