غیرملکی اپنے اہل خانہ کے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ آن لائن کیسے کرائیں؟
غیرملکی اپنے اہل خانہ کے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ آن لائن کیسے کرائیں؟
منگل 6 جولائی 2021 5:24
جوازات نے نقل معلومات کی سروس بھی آن لائن کردی ہے۔(فائل فوٹو سیدتی)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی ’نقل معلومات‘ یا ’ تحدیث الجواز‘ کی اصطلاح سے واقف ہیں۔
جوازات کی جانب سے ڈیجیٹل سروسز شروع کیے جانے کے بعد مراحلہ وار بیشتر خدمات ڈیجیٹل طریقے سے انجام دی جاتی ہیں تاہم گزشتہ برس کورونا کی وبا کے دوران جوازات نے نقل معلومات کی سروس بھی آن لائن کردی ہے۔
’نقل معلومات‘ پرانے پاسپورٹ کی تجدید کے بعد نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرانے کو کہتے ہیں۔ پاسپورٹ کی مدت 5 یا دس برس ہوتی ہے جب بھی کوئی غیر ملکی اپنا پاسپورٹ تجدید کراتا ہےتو لازمی ہے کہ جوازات کے سسٹم میں نئے پاسپورٹ کی انٹری کرائی جائے۔
ڈیجیٹل سروسز کے آغاز سے قبل نقل معلومات یعنی نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرانے کا عمل راویتی طریقے سے کیا جاتا تھا جس کےلیے جوازات کے دفتر سے مخصوص فارم کے ساتھ پرانے اور نئے پاسپورٹ کے علاوہ اقامہ کی کاپی منسلک کرکے جمع کرائی جاتی تھی جس کے بعد نئے پاسپورٹ کا ڈیٹا جوازات کے سسٹم میں فیڈ کیاجاتا۔
نقل معلومات ضروری کیوں؟
پاسپورٹ بین الاقوامی قانون کے مطابق سفری دستاویز ہے ۔ مملکت میں مقیم غیر ملکی کارکنوں کے اقامے کا اجرا اور تجدید پاسپورٹ کی بنیاد پرہی کی جاتی ہے۔
پاسپورٹ کا نمبر اور دیگر معلومات جوازات کے سسٹم میں فیڈ کیے جانے کے بعد امیگریشن کا ادارہ اقامہ کی باقی کارروائی مکمل کرتا ہے جس کے بعد اقامہ کا اجرا یا تجدید عمل میں لائی جاتی ہے۔
دنیا بھر کے امیگریشن کے اداروں میں پاسپورٹ کی انٹری کی جاتی ہے جس سے پاسپورٹ کے حامل کی شناخت ممکن ہوتی ہے۔
پاسپورٹ ایکسپائر ہونے کی صورت میں اقامہ کی تجدید ممکن نہیں ہوتی نہ ہی خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ لگایا جاسکتا ہے۔جب بھی نیا پاسپورٹ جاری کیاجاتا ہے اس کا ڈیٹا امیگریشن کے سسٹم میں فیڈ کرانا ضروری ہے۔
نقل معلومات آن لائن کیسے کرائیں
محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی جانب سے نقل معلومات کے مرحلے کو ’ابشر‘ سسٹم پرمنتقل کرنے کا مقصد سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ لوگ گھر بیٹھے جوازات سے اپنا معاملہ مکمل کراسکیں۔
کارکن کے تجدید شدہ نئے پاسپورٹ کی ’نقل معلومات‘ کی کارروائی آجر کے ابشر یا مقیم سسٹم کے ذریعے کی جاتی ہے جو آجر کے ذمہ ہوتی ہے۔
وہ غیر ملکی کارکن جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں ان کے پاسپورٹ کی نقل معلومات کرانا سربراہ خانہ کے ذمہ ہے جس کے لیے انہیں اپنے ابشر اکاونٹ پر لاگ ان کرنے کے بعد ’خدمات‘ کے آپشن کو اختیار کرنے کے بعد ’خدماتی ‘ یعنی ’مائی سروسز ‘ کے براوز کو اوپن کریں جس کے بعد ’جوازات‘ کوکلک کریں وہاں مختلف سروسز موجود ہوگی۔
جوازات کومنتخب کرنے کے بعد ’تواصل‘ کے برواز میں جائیں جہاں دوآپشن موجود ہوں گے ایک ’نئی طلب‘ دوسرا ’پرانی درخواست کے بارے میں معلومات‘ ۔
نئی طلب کا انتخاب کرنے کے بعد اس میں درکار معلومات اپ لوڈ کی جائیں۔ خیال رہے ایک معاملے کے لیے ایک درخواست اپ لوڈ کی جائے۔
نقل معلومات کےلیے پرانے و نئے پاسپورٹ اوراقامہ کی کاپی ’پی ڈی ایف ‘ فارمیٹ میں اپ لوڈ کرنے کے بعد ارسال کی جائیں۔
تواصل سروس کے ذریعے کسی بھی مشکل کے حل کےلیے بھی رجوع کیا جاسکتا ہے جس کےلیے وہ پیغام کاپی کرکے اپ لوڈ کیاجاتا ہے جو جوازات کے خود کارسسٹم کے ذریعے درخواست گزار کو موصول ہوتا ہے مثال کے طورپر اگر کسی درخواست کے جواب میں پیغام آتا ہے کہ ’جوازات کے دفتر سے رجوع کریں ‘ ۔
مذکورہ صورت میں جوازات کے دفترسے رجوع کرنے کےلیے پیشگی وقت لینا ضروری ہوتا ہے۔ وقت لینے کے بعد تمام درکار دستاویزات کے ہمراہ جوازات کے دفتر سے رجوع کیاجائے تاکہ معاملہ روایتی طریقے سے حل کیاجاسکے۔