روس کا مسافر طیارہ لینڈنگ سے کچھ پہلے ’سمندر میں گر کر تباہ‘
اے این 26 طیارہ کمچٹکا کے مرکزی شہر پیٹروپولوسک کامچسکی سے پالانا جا رہا تھا (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)
روس کی نیوز ایجنسی آر آئی اے کے مطابق روس کے مشرق بعید میں جزیرہ نما کمچٹکا میں ایک مسافر طیارہ جس میں 28 افراد سوار تھے، لینڈنگ کرنے سے کچھ دیر پہلے سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق روس کی وزارت ہنگامی صورتحال کا کہنا ہے کہ اے این 26 طیارہ کمچٹکا کے مرکزی شہر پیٹروپولوسک کامچسکی سے پالانا جا رہا تھا جہاں اس کا فضائی ٹریفک کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
آر آئی اے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی سروسز کے حوالے سے بتایا ہے کہ کئی بحری جہاز حادثے کے مقام کی جانب روانہ کر دیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
روس کی نیوز ایجنسی تاس نے مقامی انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ طیارے میں 22 مسافر سوار تھے جن میں عملے کے چھ ارکان شامل تھے۔ گاؤں کے میئر اولگا موخریوا بھی مسافروں میں شامل تھے۔
انٹرفیکس نیوز ایجنسی نے مقامی میٹرولوجی سینٹر کے حوالے سے بتایا ہے کہ علاقے میں موسم اس وقت ابر آلود تھا۔
تاس نیوز ایجنسی کے مطابق طیارہ 1982 میں تیار کیا گیا تھا۔
اس سے قبل مقامی ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر آفس کی ترجمان ویلینٹیا گلیزووا نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا تھا کہ اے این 26 طیارہ کمچٹکا کے مرکزی شہر پیٹروپولوسک کامچسکی سے پالانا جا رہا تھا جب وہ غائب ہو گیا اور شیڈول کے مطابق لینڈنگ نہ کر سکا۔
انہوں نے بتایا کہ مسافر طیارے کی تلاش اور امدادی کوششیں جاری ہیں، اس وقت اتنا معلوم ہے کہ طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور اس نے لینڈ نہیں کیا۔‘
روس کی خبر رساں ایجنسیوں نے مقامی عہدیداران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ طیارے میں 28 افراد سوار ہیں جن میں چھ عملے کے ارکان اور ایک یا دو بچے شامل ہیں۔
مسافر طیارے کے ساتھ کیا ہوا ہوگا اس حوالے سے متضاد رپورٹس سامنے آ رہی ہیں، روس کی خبر ایجنسی تاس نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوا ہے جبکہ ایک دوسرے ذرائع نے انٹرفیکس کو بتایا ہے کہ طیارہ پالانا کے قصبے کے قریب کوئلے کی کان کے نزدیک چلا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مسافر طیارے کی تلاش کے لیے کم از کم دو ہیلی کاپٹرز کو لانچ کیا گیا ہے جبکہ امدادی کارکنوں کو بھی تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔
روس جو ایک زمانے میں طیاروں کے حادثات کے لیے بدنام رہا ہے، نے اپنے فضائی ٹریفک کے حفاظتی ریکارڈ کو حالیہ سالوں میں بہتر کیا ہے تاہم طیاروں کی خراب حالت اور حفاظت کے معیار میں لاپرواہی کا مسئلہ تاحال اپنی جگہ ہے اور حالیہ سالوں میں روس کو کئی جان لیوا فضائی حادثات کا سامنا رہا ہے۔
آخری بار بڑا فضائی حادثہ مئی 2019 میں پیش آیا تھا جب سخوئی سپر جیٹ نے ماسکو ایئرپورٹ پر کریش لینڈنگ کے بعد آگ پکڑ لی تھی، اس حادثے میں 41 افراد ہلاک ہوئے تھے۔