بین سٹوکس کرکٹ ٹیم کے کپتان جبکہ کرس سلور ووڈ کوچ ہوں گے۔ مجموعی طور پر نو ایسے کھلاڑی ہیں جن کو اس سے پہلے قومی ٹیم کے لیے نہیں چنا گیا۔
انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی تھی کہ تین کھلاڑیوں اور انتظامیہ کے چار ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ٹیم کے ارکان خود کو آئسولیٹ کریں گے۔ مثبت آنے والے افراد کے ساتھ قریبی رابطے کی وجہ سے ٹیم کے باقی ارکان بھی خود کو قرنطینہ کریں گے۔
بیان کے مطابق ’پبلک ہیلتھ انگلینڈ، پبلک ہیلتھ ویلز اور برسٹل لوکل ہیلتھ اتھارٹی کے اشتراک سے متاثرہ افراد چار جولائی سے آئسولیشن میں ہیں اور حکومت کے قرنطینہ پروٹوکول پر عمل کر رہے ہیں۔‘
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف ایک روزہ اور ٹی 20 کرکٹ سیریز جاری رکھنے کی تصدیق کی تھی۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچز جمعرات آٹھ جولائی سے شروع ہوں گے اور 20 جولائی تک جاری رہیں گے۔
انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے کہا تھا کہ بین سٹوکس ٹیم میں شامل ہو کر سکواڈ کی قیادت کریں گے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹام ہیریسن کا کہنا ہے کہ بورڈ کو کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے بارے میں علم تھا اور ’ہم نے پروٹوکول کے لیے حکمت عملی کا انتخاب کیا تاکہ کرکٹرز اور انتطامیہ کے عملے کی صحت بہتر رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے گذشتہ چودہ مہینوں کا بیشتر حصہ پابندیوں میں گزارا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ ٹیم کی جگہ نئی ٹیم کے لیے تیزی سے کام کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین سٹوکس کے شکرگزار ہیں جو انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔