’یہ زندگی کے میلے دنیا میں کم نہ ہوں گے، افسوس ہم نہ ہوں گے‘
دلیپ کمار کے مداح ان کی یادگار فلموں کی کے کلپس اور تصاویر شیئر کر رہے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ کے لیجنڈ اور 'شہنشاہ جذبات' دلیپ کمار کے انتقال نے نہ صرف بالی وڈ انڈسٹری بلکہ دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کو رنجیدہ کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر دلیپ کمار کے مداح ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی یادگار فلموں کے کلپس اور تصاویر شیئر کر رہے ہیں۔
بالی وڈ کے ’بگ بی‘ امیتابھ بچن نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایک ادارہ چلا گیا، جب بھی انڈین سینما کی تاریخ لکھی جائے گی یہ ’دلیپ کمار سے پہلے‘ اور ’دلیپ کمار کے بعد‘ کی ہوگی۔ ان کی روح کے سکون کے لیے میری دعائیں۔‘
ماضی کی مشہور اداکارہ ہیما مالنی نے انگریزی اخبار بامبے ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’راج کپور، دیو آنند اور دلیپ کمار بالی وڈ کے تین ستون تھے اور ہم نے آج بالی وڈ کا آخری ستون کھو دیا ہے۔‘
بالی وڈ ایکشن ہیرو اکشے کمار نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’دنیا کے لیے اور بھی ہیرو ہوں گے لیکن ہم اداکاروں کے لیے وہ ایک ہیرو تھے۔ دلیپ کمار سر انڈین سینما کا ایک عہد اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔‘
بالی وڈ کے اداکار اجے دیوگن نے دلیپ کمار کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’لیجنڈ کے ساتھ کئی لمحات گزارے،کچھ بہت ذاتی اور کچھ سٹیج پر۔ ان کے انتقال کے لیے میں بالکل بھی تیار نہیں تھا۔ ایک ادارہ، وقت کی قید سے ماورا اداکار۔‘
اداکارہ روینا ٹنڈن نے لکھا کہ ’ایک لیجنڈ چلا گیا، ایم خلا جو کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔ ایک صحیح معنوں میں محبت کرنے والا رحم دل شخص۔ دلیپ کمار اوم شانتی اوم۔‘
اداکار سنی دیول نے لکھا ’ایک عہد کا اختتام۔ دلیپ کمار صاحب آپ ہمیشہ یاد رہیں گے۔‘
گلوکار و موسیقار عدنان سمیع نے ٹویٹ کی کہ ’میں کنگ آف سنیما دلیپ کمار کی موت کا سن کر بہت دلبرداشتہ ہوں۔ میں انہیں بطور اداکار پسند کرتا تھا اور ان کی عزت کرتا تھا کیونکہ وہ پشاور سے میرے والد کے پہلے کزن تھے۔ اسی لیے میں انہیں یوسف لالا کہتا تھا۔‘
اداکار سنیل شیٹھی نے لکھا کہ ’آج ایک عہد کا خاتمہ ہو گیا ہے کیونکہ ہم نے انڈین سینما کے چمکتے ستارے کو کھو دیا ہے۔ دلیپ صاحب آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔‘
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’دلیپ کمار جی کو ایک لیجنڈ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہیں بے مثال صلاحیتوں سے نوازا گیا تھا جس کی وجہ سے ہر نسل ان کی مداح تھی۔ ان کا انتقال ہماری ثقافتی دنیا کے لیے ایک نقصان ہے۔‘
انڈیا میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کے سینیئر رہنما ششی تھرور نے لکھا کہ ’دائمی رہنے والے کبھی نہیں مرتے جیسا کہ ٹیگور نے لکھا کہ موت روشنی کو ختم کرنا نہیں، یہ صرف چراغ کو بجھانا ہے کیونکہ صبح ہو گئی ہے۔ دلیپ کمار کا کام جگمگاتا رہے گا۔‘
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی لیجنڈری اداکار کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں شوکت خانم میموریل ہسپتال کے پروجیکٹ کے لیے فنڈز جمع کرنے میں اپنا ٹائم دے کر مدد کرنے کی ان کی فراخ دلی کو نہیں بھول سکتا۔ اس کے علاوہ میری نسل کے لیے دلیپ کمار سب سے عظیم اور باکمال اداکار تھے۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’بے شک ہم اللہ کی طرف سے ہیں اور اسی کی طرف ہمیں لوٹ کر جانا ہے۔ خیبرپختونخوا سے ممبئی اور پوری دنیا کے لیے یوسف خان صاحب کے مداحوں کے لیے یہ ایک بڑا نقصان ہے۔ وہ ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔‘
پاکستان کے صدر عارف علوی نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’دلیپ کمار کی وفات کا سن کر افسوس ہوا، ایک شاندار اداکار، ایک عاجز انسان اور ایک پُروقار شخصیت۔ان کے اہلخانہ اور ان کے چاہنے والوں سے تعزیت۔‘
بالی وڈ سٹار سلمان خان نے دلیپ کمار کے انتقال پر تعزیت کی تو انہیں ماضی و مستقبل میں ’انڈین سینما کا بہترین اداکار‘ قرار دیا۔
محمد تقی نامی صارف نے دلیپ کمار کے مشہور گانے کے بول لکھے ’یہ زندگی کے میلے دنیا میں کم نہ ہوں گے، افسوس ہم نہ ہوں گے، پشاور کا ایک لڑکا جس نے بالی وڈ پر راج کیا اب ہم میں نہیں رہا۔‘