حکومت پاکستان کی جانب سے شہریوں کو آگاہ کیا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان سمیت دنیا کے کسی ملک سے اس سال عازمین حج کو حجاز مقدس جانے کی اجازت نہیں دی اور نہ ہی کسی قسم کا کوئی حج کوٹہ بحال کیا ہے، اس لیے شہری کسی جعل ساز کے دھوکے میں آنے سے بچیں۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اس کے علم میں آیا ہے کہ کچھ جعل ساز سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے یہ اعلان کر رہے ہیں کہ سعودی عرب نے پاکستان سے 700 افراد کو حج کرنے کی اجازت دی ہے اور پاکستان کو کوٹہ مل چکا ہے۔
وزارت نے اس حوالے سے جعلی معلومات شیئر کرنے اور سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
عازمین حج کی تعداد کا فیصلہ نہیں ہوا، ویکسین بنیادی شرطNode ID: 572031
-
’حج اجازت نامے ابشر کے ذریعے جاری ہوں گے‘Node ID: 574201
-
’عازمین حج کا انتخاب پہلے آؤ کی بنیاد پر نہیں ہوگا‘Node ID: 576281
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر اشرفی نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ کچھ لوگ جعلی حج سکیم اور کوٹہ کے بارے میں تشہیر کر رہے ہیں، جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ’سعودی حکومت کا اعلان واضح کہ بیرون ملک سے کسی کو حج کی اجازت نہیں دیں گے اور اس موقع پر اس میں رد و بدل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ جو لوگ ایسی سکیمیں چلا رہے ہیں انہیں یہ نہیں معلوم کہ سعودی عرب کے لےی پروازیں ہی بند ہیں۔
’حج کے نام پر شہریوں لوٹنے کی منصوبہ بندی بذات خود ایک بڑا جرم اور گناہ ہے۔‘
طاہر اشرفی نے کہا کہ ’اگر کوئی ایجنٹ کسی بھی فرد کو کوئی ایسی سکیم بتائے تو اس کے بارے میں وزارت مذہبی امور یا ایف آئی اے کو آگاہ کیا جائے۔ اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔‘

دوسری جانب حج و عمرہ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ ’وزارت مذہبی امور کے ساتھ رجسڑڈ حج عمرہ ٹور آپریٹرز کی جانب سے ایسی کسی سکیم کے تحت شہریوں کو حج کی پیش کش نہیں کی گئی۔ اگر کوئی بھی رکن ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف ایسوسی ایشن خود کاروائی کرے گی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’پاکستان آئے ہوئے سعودی کمپنیوں کے مستقل ملازمین کو بحرین، افغانستان، کرغزستان کے راستے سعودی عرب بھجوانے کے حوالے سے کچھ ٹریول ایجنٹس نے ٹکٹ ضرور دیے ہیں اور اس حوالے سے تشہیر بھی کی ہے لیکن حج کے حوالے سے ہماری پالیسی سعودی حکومت کے اعلانات کے عین مطابق ہے۔‘
