’عورت کتنی ہی کامیاب ہو یہی پوچھا جاتا ہے کہ کھانے میں کیا ہے‘
پوجا بھٹ نے بتایا کہ ’مجھ سے لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ دوبارہ شادی کیوں نہیں کرلیتیں؟‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
نیٹ فلیکس کی ویب سیریز ’بامبے بیگمز‘ میں لیڈ رول ادا کرنے والی بالی وڈ اداکارہ اور فلم ساز پوجا بھٹ کا کہنا ہے کہ ایک عورت زندگی میں کتنی ہی کامیابیاں حاصل کر لے لیکن اس سے یہی پوچھا جاتا ہے کہ ’کھانے میں کیا ہے؟‘
انڈیا کے فلم فیئر میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے پوجا بھٹ نے کہا کہ ’ہم خواتین دنیا میں کچھ بھی کامیابی حاصل کر لیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم میں سے بہت سی خواتین جب گھر آتی ہیں تو ہماری کامیابیوں کو یہ کہہ کر گھٹا دیا جاتا ہے کہ ’ہاں ٹھیک ہے نا، تم نے نوبل انعام جیت لیا مگر ابھی کھانے میں کیا ہے۔ ’کیا تم ایک ماں ہو؟ کیا نہیں ہو؟ کیا تم شادی شدہ ہو؟ کیا نہیں ہو؟‘
پوجا بھٹ نے بتایا کہ ’مجھ سے بہت سے لوگ یہ پوچھتے ہیں کہ آپ دوبارہ شادی کیوں نہیں کر لیتیں؟ اور میں انہیں یہ بتاتی ہوں کہ میری سوچ ’اور وہ ہنسی خوشی رہنے لگے‘ سے ’اور وہ ہنسی خوشی رہنے لگی‘ میں بدل چکی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے یہ آزمایا ہے اور میں یہ لوگوں کو بھی تجویز کروں گی۔ میری زندگی ادھوری نہیں ہے کیونکہ میں جیسے رہ رہی ہوں میں نے اپنے لیے یہی چُنا ہے۔‘
ویب سیریز کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں بہت خوش اور مشکور ہوں کہ بامبے بیگمز پر لوگوں کا بڑا اچھا فیڈ بیک ملا ہے۔ ملک کی خواتین اب یہ کہہ رہی ہیں کہ ہم اصل عورت کی زندگی پر مبنی کہانیاں دیکھ رہے ہیں۔‘
پوجا بھٹ کی منیش مکھیجا سے 2003 میں شادی ہوئی تھی اور 2014 میں انہوں نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔