Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیل پیداوار میں اضافے کے حوالے سے اوپیک پلس کا اجلاس آج ہوگا

اختلافات کے باعث اوپیک پلس کے 23 ممبران کا پانچ جولائی کو ہونے والا اجلاس ملتوی ہو گیا تھا (فوٹو: روئٹرز)
تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس کا تیل کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے اجلاس آج اتوار کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے  ہوگا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ویانا میں قائم اوپیک سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گروپ کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس اتوار کو ہوگا۔
خیال رہے تیل کی پیدوار میں اضافے کے حوالے سے اس مہینے کے شروع میں ہونے والا اجلاس پیداوار میں کٹوتی کو ختم کرنے پر ڈیڈ لاک کا شکار ہوگیا تھا۔
اوپیک پلس کے 23 ممبران نے پانچ جولائی کو شیڈول اجلاس ملتوی کیا تھا جسے تیل کی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے اختلافات پر قابو پانے کے لیے بلایا گیا تھا۔
رواں سال مئی سے اوپیک پلس تیل کی پیدوار میں تھوڑا تھوڑا اضافہ کر رہا ہے۔ تیل کی پیداوار میں اوپیک پلس نے گزشتہ سال اس وقت کمی کر دی تھی جب کورونا کی وبا نے تیل کی طلب کو بہت زیادہ متاثر کیا تھا۔
اتوار کے اجلاس میں اس تجویز پر غور ہوگا جس کے مطابق گروپ اگست سے دسمبر تک ہر مہینے خام تیل کی پیداوار میں چار لاکھ بیرل تک اضافہ کرے گا۔
ایک دوسری تجویز یہ زیر غور ہے کہ خام تیل کی پیداوار میں کٹوتی میں 2022 کے آخر تک توسیع کی جائے۔
لیکن متحدہ عرب امارات اس تجویز کے خلاف ہے۔
تیل کی قیمتیں جو کہ پہلے سے ہی کم ہو رہی تھیں اپریل 2020 میں اس وقت بہت زیادہ گرگئی جب کورونا کی وجہ سے تیل کی طلب نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی۔
اس وقت اوپیک پلس نے مارکیٹ کو تیل کی سپلائی میں 9.7 ملین بیرل روزانہ تک  کٹوتی کی تھی اور گروپ اس کٹوتی کو مرحلہ وار اپریل 2022 تک ختم کرے گا۔
اس اقدام کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں بہتری آئی تھی۔

شیئر: