Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوپیک پلس تیل پیداوار معاہدے کے دوسرے مرحلے پر متفق

مزید تیل نکالنے کا نظام الاوقات بھی منظور کرلیا۔(فوٹو ٹوئٹر اوپیک)
سعودی عرب اور روس کی سربراہی میں عالمی تیل اتحاد اوپیک پلس نے بدھ کو تاریخی تیل پیداوار معاہدے کے دوسرے مرحلے پراتفاق کیا جس سے خام تیل مارکیٹ کا استحکام بحال ہوا ہے۔عمل درآمد اگست 2020 سے ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اوپیک پلس کی مشترکہ وزارتی کمیٹی نے بعض ممالک کو مئی اور جون کی پیداوار میں تلافی کے لیے مزید تیل نکالنے کا نظام الاوقات بھی منظور کرلیا۔
بعض ممالک تیل پیداوار میں کمی کے کوٹے کی سو فیصد پابندی نہیں کررہے تھے جبکہ دیگر ملکوں نے مقررہ پیداواری کوٹے سے بھی زیادہ تیل نکالا تھا۔ طے کیا گیا ہے کہ جن ممالک نے پیداواری کوٹے میں کمی کی مکمل پابندی نہیں کی تھی وہ آئندہ مقررہ  پیداواری کوٹے سے کم تیل نکالیں گے اور جن ملکوں نے مقررہ کوٹے سے کم تیل نکالا تھا انہیں زیادہ تیل نکالنے کا موقع دیا جائے گا۔

اوپیک پلس کا آئندہ اجلاس اب 18 اگست کو ہوگا۔(فوٹو ٹوئٹر اوپیک)

روئٹرز کے مطابق اوپیک پلس کا آئندہ اجلاس اب 18 اگست کو ہوگا۔
اوپیک پلس کے مباحثے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کورونا وائرس کی نئی لہر زیادہ طاقتور ہوگی جس کی وجہ سے  2020 میں تیل کی طلب یومیہ 11 ملین بیرل کم ہوجائے گی جبکہ موجودہ توقعات کے حوالے سے 9 ملین بیرل تیل یومیہ کم نکالا جارہاہے۔
اوپیک پلس جس کی قیادت سعودی عرب اور روس کررہے ہیں مئی سے روزانہ کی بنیاد پر 9.7 ملین بیرل تیل کم نکال رہے ہیں۔ ماہ رواں جولائی کے بعد پیداوار میں یومیہ کمی 7.7 ملین بیرل ہوگی۔ اس کا سلسلہ دسمبر تک جاری رہے گا۔
اوپیک کے سیکریٹری جنرل محمد بارکندو کا کہنا ہے کہ تیل منڈی توازن کے قریب پہنچ چکی ہے۔

شیئر: