سعودی عرب میں قید 63 پاکستانیوں کی واپسی
منگل 20 جولائی 2021 18:02
رہا ہونے والے قیدیوں نے سعودی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو: اوورسیز پاکستانی فانڈویشن)
سعودی جیلوں میں قید 63 پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
اوورسیز پاکستانی فانڈویشن کے مطابق یہ 63 پاکستانی قیدی منگل کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ گئے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث 63 پاکستانیوں کو سعودی جیلوں سے رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے موقع پر ترجمان اوورسیز پاکستانی فانڈویشن کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ اس لیے ان کی مدد کی ہر ممکن کوششیں کی جاتی ہیں۔
اس موقع پر رہا ہونے والے قیدیوں نے سعودی حکومت اور وزیراعظم پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔