حجاج کے خیموں میں بجلی نیٹ ورک کی خرابی ٹھیک کردی گئی
بہترین سہولتوں کی فراہمی سے ہی سعودی عرب کی پہچان اور ساکھ بنتی ہے(فوٹو العربیہ)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ’ حجاج کے خیموں میں بجلی نیٹ ورک کی خرابی ٹھیک کردی گئی‘۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’حکومت جو وسائل فراہم کر رہی ہے اس کا تقاضا ہے کہ زائرین کو منفرد سہولت مہیا ہو ۔تمام متعلقہ ادارے اس بات کا پوری طرح سے خیال رکھیں‘۔
وزیر توانائی نے کہا کہ ’اصل بات یہ ہے کہ حجاج مختلف سہولتیں چاہتے ہیں۔ بہترین سہولتوں کی فراہمی سے ہی سعودی عرب کی پہچان اور ساکھ بنتی ہے۔ ہمیں ذمہ داری ادا کرنی ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’غلطی کی اصلاح آگے بڑھ کر کریں۔ آئندہ حج وبا ختم ہونے پر معمول کے مطابق ہوگا۔ ہمارے پاس آئندہ حج موسم تک تمام مسائل حل کرنے کا موقع ہے۔ خیموں کے معاملات سمیت ہر پہلو پر توجہ دینا ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’عارضی حل مسائل کو مزید برھا دیتے ہیں۔ ہر مسئلے کا مکمل اور پائیدار حل تلاش کرنا ہوگا‘۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ’ اس سال محمد تعداد میں لوگ حج کر رہے ہیں۔ یہ ماضی کے ایسے مسائل کی نشاندہی کا بہترین موقع ہے کہ جو پہلے حل نہیں کیے گئے‘۔
انہو ں نے یہ بھی بتایا کہ ’بجلی کمپنی کو ایک ایسی ذمہ داری سپرد کی جو اس کے دائرہ کار میں نہیں تھی۔ کمپنی سے کہا گیا کہ وہ اپنے ٹیکنیشنوں سے خیموں میں بجلی سروس فراہم کرنے والوں کی غلطیوں کی اصلاح کرائے‘۔