رمی اور حج کا طواف کرانے کے لیے سیکیورٹی فورس کا اہم کردار
رمی اور حج کا طواف کرانے کے لیے سیکیورٹی فورس کا اہم کردار
منگل 20 جولائی 2021 18:39
سعودی عرب میں حج وعمرہ سیکیورٹی سپیشل فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ ’حجاج نے منگل حج کا طواف مقررہ سکیم کے مطابق اطمینان اورسکون سے کیا ہے‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنی ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہا کہ’حجاج کی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے مطاف کے صحن، زمینی اور پہلی منزل سے حجاج کو طواف کرایا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ طواف حج کے دوران کورونا ایس او پیز کی مکمل پا بندی کی گئی اور کرائی گئی ہے‘۔
ریاستی سلامتی کے ماتحت سپیشل ایمرجنسی فورس نے گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی منی، مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کے قافلوں کو رواں دواں رکھنے کے لیے بہترین سیکیورٹی پروگرام نافذ کیا ہے۔
ایمرجنسی فورس کے اہلکارو ں نے جمرات کی رمی کو منظم کرنے اور حاجیوں کے قافلوں کے انتظامات میں بھر پور کردار ادا کیا ہے۔
ایمرجنسی فورس کے اہلکار حج قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے منی کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ہزاروں افسران اور اہلکار 500 کیمروں کی مدد سے منی کے ہر علاقے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔