نور مقدم کیس: ملزم ذاکر جعفر اور مدعی شوکت مقدم کا عدالت میں آمنا سامنا
نور مقدم کیس: ملزم ذاکر جعفر اور مدعی شوکت مقدم کا عدالت میں آمنا سامنا
منگل 27 جولائی 2021 13:02
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
مقتولہ کے وکیل نے کہا کہ ہمیں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے. (فوٹو: ٹوئٹر)
اسلام آباد میں سابق سفیر شوکت مقدم کی بیٹی نور مقدم کے قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کے والدین اور گھریلو ملازمین کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
منگل کو ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر اور والدہ عصمت آدم جی سمیت چار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پیشی کے موقع پر مقتولہ کے والد شوکت مقدم بھی عدالت میں موجود تھے جو اپنے دوستوں کے ساتھ آئے اور وکلا سے قانونی مشاورت بھی کرتے رہے۔
ملزمان کی عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت میں ذاکر جعفر اور شوکت مقدم کا آمنا سامنا ہوا تو ہتھکڑیاں لگے ذاکر جعفر نے شوکت مقدم کو دیکھ کر سلام کیا جسے شوکت مقدم نے سنا اَن سنا کر دیا۔
منگل کو ہونے والی 2 منٹ کی اس عدالتی کارروائی میں ملزمان کو پیش کیا گیا تو پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی جس پر جج نے شوکت مقدم کے وکیل شاہ خاور سے استفسار کیا تو انہوں نے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے پر کوئی اعراض نہیں کیا۔
عدالت نے ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے 10 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ ملزمان کے وکیل رضوان عباسی نے ذاکر جعفر اور ان کی اہلیہ کو مقدمے سے خارج کرنے کی استدعا کی تو جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ہم جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کا فیصلہ دے چکے ہیں آپ کی استدعا ریکارڈ کا حصہ بنا دیتے ہیں۔
وکیل کی درخواست پر عدالت نے ملزم ذاکر جعفر اور ان کی اہلیہ عصمت آدم جی کی کمرہ عدالت میں ملاقات کروائی جس کے بعد پولیس چاروں ملزمان کو لے کر روانہ ہو گئی۔
پیشی کے موقع پر ذاکر جعفر اور شوکت مقدم کا کیا کہنا تھا؟
پیشی کے موقع پر ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر نے اردو نیوز کے سوال پر کہا کہ ’اگر میرا بیٹا قصور وار ہے تو اسے سزا ضرور ملنی چاہیے، میں اس اقدام کی مذمت کرتا ہوں یہ بہت ہی گھناونا جرم ہے۔‘
عدالتی کارروائی کے بعد بھی مقتولہ کے والد شوکت مقدم اپنے دوستوں اور وکلا سے مشاورت کرتے نظر آئے۔
ملزم کے والد اور والدہ سے تفتیش میں اب تک کیا حاصل کیا گیا؟
پراسیکیوٹر ساجد چیمہ نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان ذاکر جعفر اور عصمت آدم جی سے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے جس کی وجہ سے ملزمان کی مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست نہیں کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ’دوران تفتیش پولیس نے ملزمان کے موبائل فون اور کال ڈیٹا حاصل کر لیا ہے اور مزید ان سے کوئی ریکوری نہیں ہو سکتی، کال ریکارڈ کے ڈیٹا کی ہی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھے گی۔‘
دوسری جانب اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’کسی بھی ملک میں امریکی شہری وہاں کے قانون کے تابع ہوتے ہیں۔ جب کسی ملک میں امریکی شہری گرفتار ہوتے ہیں تو سفارتخانہ ان کی صحت سے متعلق معلوم کرتا ہے اور وکلا کی فہرست دیتا ہے لیکن کسی قسم کی قانونی مشاورت یا عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیتا۔‘
قبل ازیں مقامی ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ امریکی سفارتخانے کے حکام نے ملزم ظاہر جعفر سے پولیس کی تحویل میں ملاقات کی ہے۔
خیال رہے کہ 20 جولائی کو اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کے علاقے ایف سیون فور میں پاکستان کے سابق سفیر شوکت مقدم کی 28 سالہ بیٹی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا تھا۔ اس واقعے کے اگلے روز پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کر لیا تھا۔
نور مقدم کے قتل پر سماجی حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بعد ازاں مقتولہ کے والد سابق سفیر شوکت علی مقدم نے واضح کیا تھا کہ وہ اس کیس میں کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ ملزم کو سزا دلوانا ہی ان کا واحد مقصد ہے۔
24 جولائی کو اسلام آباد پولیس نے ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر، والدہ عصمت آدم جی اور دو ملازمین افتخار اور جمیل کو شواہد چھپانے اور قاتل کی جرم میں اعانت پر گرفتار کیا تھا۔
ملزم ظاہر جعفر کے والد ذاکر جعفر کنسٹرکشن کے کاروبار سے وابستہ ہیں اور ایک بڑی کمپنی کے مالک ہیں۔ ملزم بھی کمپنی میں اہم عہدے پر فائز تھا۔