عمان ایئرلائن کا گیارہ اگست سےعمرہ فلائٹس بحال کرنے کا اعلان
جمعہ 30 جولائی 2021 18:06
ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنےوالے ہوٹل قرنطینہ کی پابندی سے مستثنی ہوں گے( فوٹو ٹوئٹر)
عمان ایئرلائن نے گیارہ اگست 2021 سے جدہ کے لیے عمرہ پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق عمانی ایئرلائن نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ’ عمرے کے لیے گیارہ اگست سے جدہ کے لیے پروازیں بحال کردی جائیں گی‘۔
’ ویکسین سرٹیفکیٹ پیش کرنے پر عمرہ زائر ہوٹل قرنطینہ کی پابندی سے مستثنی ہوں گے۔ سرٹیفکیٹ میں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک سفر سے 14 روز قبل لی جاچکی ہے‘۔
یاد رہے کہ داخلی عازمین کے لیے عمرہ موسم کا آغاز گزشتہ اتوار سے ہوچکا ہے۔ اس سال حج موسم کی کامیابی کے بعد عمرہ کا نیا موسم شروع کیا گیا ہے۔ تمام حجاج کورونا وائرس سے محفوظ رہے ہیں۔
سعودی وزارت سیاحت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ یکم اگست سے ویکسین لگوانے والے سیاحوں کے لیے سعودی عرب کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔