Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ضوابط کیا ہیں؟

عمرہ ویزوں کےلیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ( فوٹو: ٹوئٹر وزارت حج وعمرہ)
سعودی عرب میں وزارت حج و عمرہ کے ترجمان ہشام سعید نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب نے یکم محرم سے بیرون مملکت سے عمرہ زائرین کو آنے کی مشروط اجازت دی ہے۔‘
سعودی چینل ون کے معروف پروگرام ’صباح الخیر یا مصر‘ (صبح بخیر اے مصر) میں ہشام سعید نے بتایا کہ’ 25 جولائی سے داخلی عمرہ زائرین کو امازت نامے جاری کیے جا رہے ہیں۔ عمرہ ویزوں کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’رہائش، ٹرانسپورٹ اور کھانے پینے کے پیکیج  فراہم کیے جائیں گے۔ عمرہ زائرین ماہ محرم کے شروع سے مملکت آ سکتے ہیں۔‘
ہشام سعید نے بتایا کہ’ بیرونی عمرہ زائرین کے لیے اہم شرط یہ ہے کہ عمر 18 سال سے کم نہ ہو۔ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے)  سے منظور شدہ ویکسینوں میں سے کوئی ایک ویکسین لگوالی ہو۔‘
یاد رہے کہ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے فائزر، ایسٹرازینکا، جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا سمیت چار ویکسینوں کی منظوری دی ہے۔
وزارت حج و عمرہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’کورونا وبا کے باعث بعض ممالک سے براہ راست عمرہ زائرین کی سعودی عرب آمد پر پابندی برقرار رہے گی البتہ کسی ایسے ملک سے جس پر پابندی نہ ہو سفر کر کے اور وہاں 14 دن گزار کر عمرہ زائرین مملکت آسکتے ہیں۔‘
’آنے سے قبل میڈیکل چیک اپ کے ذریعے وائرس سے پاک ہونے کا اطمینان کرنا ہوگا۔‘

پابندیوں کا مقصد انسانی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

ترجمان نے کہا کہ ’پابندیوں کا مقصد انسانی صحت و سلامتی کا تحفظ ہے۔ سعودی عرب چاہتا ہے کہ عمرہ زائرین صحت و سلامتی کے ساتھ  مملکت آئیں اور یہاں سے ان کی واپسی بھی صحت و سلامتی کے ساتھ ہو۔‘
 ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ایس ایف ڈی اے مملکت میں کورونا کی مزید ویکسینوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ موثر ثابت ہونے پر منظور شدہ کی تعداد بڑھا دی جائے گی۔‘
ہشام سعید نے کہا کہ’ حفظان صحت کے ضوابط، سکیموں اور پابندیوں کی بدولت اس سال حج کو کامیاب بنانے میں مدد ملی ہے۔‘
’سعودی اور مقیم غیرملکی حجاج کی طرف سے کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کا بھی اچھا اثر پڑا۔ تمام سکیموں اور پابندیوں کا بنیادی ہدف وائرس کو پھیلنے سے روکنا اور حجاج کو وائرس لگنے سے بچانا تھا۔‘

شیئر: