گھر کے باہر گاڑی پارک کرنے کا تنازع، تشدد سے خاتون ہلاک
جمعہ 30 جولائی 2021 21:12
خاتون کے انتقال کا واقعہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں پیش آیا (فوٹو: کراچی پولیس)
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گھر کے باہر گاڑی پارک کرنے سے روکنے والی خاتون تشدد سے ہلاک ہوگئیں۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کی آبادی عرفات ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعے میں ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت بانو زوجہ اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ’متوفیہ کے ورثا لاش کو بغیر پوسٹ مارٹم اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔ پوسٹ مارٹم کے بغیر وجہ موت کا تعین نہیں ہو سکتا۔‘
پولیس کے مطابق ’ہم نے ورثا کو پوسٹ مارٹم کا کہا مگر انہوں نے منع کر دیا، بغیر پوسٹ مارٹم کے مقدمہ درج کرانے میں مسائل ہوں گے۔‘
پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی کے مالک فرحان نے خاتون کے گھر کے باہر گاڑی پارک کی جس پر بانو زوجہ اسماعیل نے اعتراض کیا۔‘
’فرحان اپنے ساتھیوں شاہ زیب شہروز اور دیگر چار افراد کے ساتھ خاتون کے گھر پہنچے جہاں بانو زوجہ اسماعیل کو فرحان اور ان کے ساتھیوں نے دھکے دیے۔ اس تشدد کے نتیجے میں خاتوں زمین پر گر کر بے ہوش ہو گئیں۔‘
پولیس ذرائع کے مطابق ’خاتون کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔