پاکستانی کرکٹ شائق صارم اختر کی تصویر 'دنیا کے پہلے میم میوزیم' کا حصہ
پاکستانی کرکٹ شائق صارم اختر کی تصویر 'دنیا کے پہلے میم میوزیم' کا حصہ
پیر 2 اگست 2021 13:59
صارم اختر کی تصویر کو ’مایوس شائق‘ کا نام دیا گیا ہے۔ (فوٹو: ویڈیو گریب)
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے کرکٹ میچ میں اپنے بے ساختہ تاثرات کی وجہ سے مشہور ہونے والے صارم اختر کی تصویر ’دنیا کے پہلے میم میوزیم‘ کا حصہ بنا دی گئی ہے۔
صارم اختر نے میوزیم میں دکھائی جانے والے میمز سے متعلق ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تصویر ویڈیو کے فلاں حصے میں دیکھی جا سکتی ہے۔
صارم اختر کی تصویر اس وقت انٹرنیٹ کے مختلف حصوں پر وائرل ہوئی تھی جب چند برس قبل پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں وہاب ریاض کی گیند پر فیلڈر نے آسٹریلوی کھلاڑی کا کیچ ڈراپ کر دیا تھا۔
میوزیم کی جانب سے صارم اختر کی میم کو ’مایوس شائق‘ کا عنوان دیتے ہوئے دیگر میمز کے ساتھ آویزاں کیا گیا ہے۔
’میم میوزیم کے 11‘ سے متعلق ایک دو منٹ سے زائد دورانیے کی یوٹیوب ویڈیو میں جہاں دیگر میمز کو دکھایا گیا وہیں ایک مرحلے پر دیگر میمز کے درمیان صارم اختر کی مذکورہ تصویر بھی دکھائی گئی ہے۔
میم اور اس کے میوزیم کا حصہ بنائے جانے پر تبصرہ کرنے والے افراد کی خاصی تعداد ایسے میوزیم کے وجود پر حیران ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
اپ ڈیٹ پر ردعمل دینے والے متعدد افراد پاک آسٹریلیا کرکٹ میچ کے اس یادگار لمحے کا ذکر کرتے ہوئے صارم اختر کو اس انفرادیت پر مبارکباد بھی دیتے رہے۔