مسجد القبلتین تمدنی مرکز کا منصوبہ تین مراحل میں نافذ
مسجد القبلتین تمدنی مرکز کا منصوبہ تین مراحل میں نافذ
بدھ 4 اگست 2021 5:42
اسلامی تاریخ کی اہم مسجد ’القبلتین‘ کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔ یہاں القبلتین تمدنی مرکز تین مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلا مرحلہ 12 ہزار مربع میٹر رقبے پر نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس کا 62 فیصد حصہ تیار کر لیا گیا ہے۔ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے جو مدینہ منورہ ڈیولپمنٹ کونسل کے سربراہ بھی ہیں، تیار شدہ حصے کا دورہ کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈیولپمنٹ کونسل کے چیئرمین فہد البلیھشی نے گورنر مدینہ منورہ کو پروجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مسجد القبلتین میں تجدید و توسیع کے بعد تین ہزار نمازیوں کی گنجائش پیدا ہوجائے گی۔ یہاں نمازیوں اور زائرین کے لیے نئی سہولتیں مہیا ہوں گی۔
مسجد القبلتین اور اس کے اطراف کے علاقےکو جدید خطوط پر استوار کرنے والا منصوبہ ریاستی ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز مدینہ منورہ کے مذہبی و تاریخی مقامات کی تجدید، تزئین و توسیع کے بڑے منصوبے پر کام کرا رہے ہیں۔
مسجد القبلتین سے اسلامی تاریخ کا بڑا اہم واقعہ جڑا ہوا ہے۔ یہی وہ مسجد ہے جہاں نماز کے دوران مسلمانوں کا قبلہ مسجد اقصی کے بجائے مسجد الحرام کو بنانے کا حکم نازل ہوا تھا۔
مسجد القبلتین تمدنی مرکز کے پہلے مرحلے کے تحت نماز کے لیے نئے صحن قائم کیے جا رہے ہیں۔ پارکنگ کا بندوبست ہو رہا ہے۔ 3200 مربع میٹر کے رقبے پر مختلف سرگرمیوں کے لیے ہال تیار کیے جارہے ہیں۔
8100 مربع میٹر کے رقبے میں پیدل چلنے والوں کا پل بنایا جا رہا ہے۔ چار لفٹیں اور 18 الیکٹرانک زینے لگائے جارہے ہیں۔ وضو کے لیے چار بڑے نئے کمپلیکس ہوں گے۔ مختلف سہولیات فراہم کرنے والی عمارتیں ہوں گی۔ مسجد کے احاطے میں انتظارگاہیں ہوں گی۔۔ مسجد قبلتین کے آس پاس کے علاقے کو خوبصورت بنایا جائے گا- مسجد آنے جانے والے راستوں اور گزر گاہوں کو ازسرنو تیار کیا جائے گا۔
دوسرے اور تیسرے مرحلے میں 18 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر کار پارکنگ کا انتظام ہوگا۔ 600 مربع میٹر کے پلاٹ پر کلچرل سینٹر قائم کیا جائے گا۔ یہاں ایک انفارمیشن سینٹر بھی ہوگا- چار بڑے ہالوں پر مشتمل نمائش گاہ بھی ہوگی جبکہ 24 دکانوں پر مشتمل شاپنگ سینٹر ہوگا۔ مسجد قبلتین کے پارک سے متصل راہداری ہوگی جہاں پچاس بسوں کی پارکنگ کا انتظام ہوگا۔
تیسرے مرحلے کے تحت مسجد القبلتین کے اطراف واقع محلوں کو دو لاکھ 15 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر جدید تر بنانے والے اقدامات ہوں گے۔ یہاں مذہبی اور علامتی رہنمائی کے انتظامات کیے جائیں گے- سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کا انتظام ہوگا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں