رحیم یار خان: مندر پر حملہ اور توڑ پھوڑ، وزیراعظم کا نوٹس
مندر پر حملے کے بعد رینجرز کے اہلکار بھی بھونگ شہر میں پہنچ گئے۔ فوٹو: سکرین گریب
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ایک مندر پر حملے اور توڑ پھوڑ کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کی رات ٹوئٹر پر ایک ایکٹیوسٹ کپل دیو کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں لاٹھیوں سے لیس چند افراد ایک مندر میں توڑ پھوڑ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
کپل دیو نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’تم اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہو؟ دیکھیے دن دیہاڑے ایک مندر پر حملہ کیا گیا ہے۔ ہندوؤں کے لیے ایک اور برا دن جب ضلع رحیم یار خان کے شہر بھونگ میں گنیش کے مندر پر شرپسندوں نے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے مندر پر حملے کو فیس بک پر لائیو نشر کیا۔‘
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کپل دیو کی ویڈیو ریٹویٹ کر کے لکھا کہ ’یہ نہایت افسوسناک اور بدقسمت واقعہ ہے۔ وزیراعظم کے دفتر نے اس واقعے کا نوٹس لیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو معاملے کی تفتیش اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔‘
اردو نیوز کے نامہ نگار رائے شاہنواز کو رحیم یار خان پولیس کے حکام نے بتایا کہ مندر پر حملے کے بعد بھونگ میں پولیس کی نفری اور رینجرز کے اہلکار پہنچ گئے اور حالات اس وقت کنٹرول میں ہیں۔
ضلعی پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے مندر پر حملے کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
صارفین نے لکھا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے ملک کی بدنامی ہوتی ہے۔
رحیم یار خان کی ضلعی پولیس کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ علاقے میں ایک مدرسے کی بے حرمتی کرنے کے الزام میں ایک غیر مسلم لڑکے کی گرفتاری کے بعد عدالت سے رہائی ملنے پر مقامی افراد مشتعل ہوئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق سینکڑوں مشتعل شہری بھونگ میں بازار کو بند کروانے کے بعد احتجاج کرتے ہوئے موٹر وے ایم فائیو پر پہنچے۔
مظاہرین نے موٹر وے ایم فائیو کو ٹریفک کے لیے بند کیا اور پولیس کی جانب سے مذاکرات ناکام ہونے پر مشتعل مظاہرین نے مذہبی مقامات کو نشانہ بنایا۔