Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گھوٹکی مندر پر حملہ سازش ہے‘

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی اب بھی کوشش ہوگی کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات بحال ہو جائیں۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گھوٹکی میں جو کچھ ہوا وہ سازش کے تحت کرایا گیا جس کا مقصد ان کے امریکہ کے دورے کو سبوتاژ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان میں سب برابر کے شہری ہیں۔
خیال رہے 15 ستمبر کو ایک طالب علم کی جانب سے نجی سکول کے ہندو پرنسپل پر توہین رسالت کا الزام لگائے جانے کے بعد صورتحال بگڑ گئی تھی اور مشتعل ہجوم نے سکول اور قریبی مندر پر حملہ کیا تھا۔
بدھ کو خیبر میں طورخم ٹرمینل منصوبے کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کا یک نکاتی ایجنڈا صرف این آر او ہے لیکن کسی کو یہ نہیں دیا جائے گا۔

گھوٹکی میں ہندو ٹیچر پر توہین رسالت کا الزام لگنے کے بعد مشتعل ہجوم نے مندر اور سکول پر حملہ کیا تھا۔ فوٹو: ٹویٹر

طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی معطلی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر مذاکرات کا سلسلہ بحال نہ ہوا اور طالبان نے انتخابات میں حصہ نہ لیا تو یہ المیہ ہو گا۔ ’پاکستان اس حوالے سے جو کچھ کر سکتا تھا ہم نے کیا، طالبان کو مذاکرات کے لیے قطر پہنچایا۔‘
اب بھی ہماری پوری کوشش ہو گی کہ مذاکرات بحال ہو جائیں۔
انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کی  صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہاں 45 روز سے کرفیو ہے اور ایسا کوئی نارمل حکومت نہیں کر سکتی۔

 

جب ان سے پوچھا گیا ’لوگ غصے میں ہیں اور خود کشمیر جا کر لڑنا چاہتے ہیں انہیں کیا کرنا چاہیے‘ تو عمران خان نے واضح کیا کہ جو کوئی ایسا کرے گا وہ کشمیریوں سے بھی دشمنی کرے گا اور پاکستان سے بھی، کیونکہ اس سے انڈیا کو موقع مل جائے گا اور وہ دنیا کو بتائے گا کہ کشمیری تو ہمارے ساتھ ہیں، پاکستان سے دہشت گرد آ رہے ہیں۔
اس وقت انڈیا بہت پریشر میں ہے، پوری دنیا کی جانب سے اس پر دباؤ ہے، اس لیے اسے ایسا کوئی موقع دینا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ طورخم ٹرمینل منصوبے سے تجارت بڑھے گی۔ ’طورخم ٹرمینل 24 گھنٹے کھلا رہے گا جس سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا اور خطے میں تبدیلی آئے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیائی ممالک کے دوروں کے موقع پر معلوم ہوا کہ کئی ممالک پاکستان کے ساتھ تجارت کرنا چاہتے ہیں۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز پاک‘ گروپ میں شامل ہوں

شیئر: