Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران پر حملے کے لیے تیار ہیں: اسرائیلی وزیر دفاع کی دھمکی

آئل ٹینکر پر ڈرون حملے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ ’ان کا ملک ایران پر حملے کے لیے تیار ہے‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
آئل ٹینکر پر ڈرون حملے کے بعد اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ ’ان کا ملک ایران پر حملے کے لیے تیار ہے۔‘
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وزیر دفاع بینی گانٹز یہ بیان ایسے وقت پر دیا ہے جب اسرائیل اقوام متحدہ سے مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ ایران کے خلاف کارروائی کرے۔
امریکہ اور برطانیہ نے بھی حملے کی ذمہ داری ایران پر عائد کی ہے، لیکن ان میں سے کسی ملک نے اس دعوے کے برعکس کوئی خٖفیہ معلومات یا ثبوت فراہم نہیں کیے ہیں۔
دوسری جانب ایران نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
نیوز ویب سائٹ ’وائے نیٹ‘ سے بات کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر دفاع کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ’ہم ایک ایسے موڑ پر آگئے ہیں جہاں ہمیں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ دنیا کو اب ایران کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔‘
 ایران نے ابھی تک اسرائیلی وزیر دفاع کے بیان پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے، تاہم بدھ کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا تھا کہ ’اسرائیل مشرق وسطیٰ اور اس سے باہر گذشتہ سات دہائیوں سے امن کی صورتحال کو خراب کر رہا ہے۔‘
 ایران کی نمائندہ زہرہ ارشادی نے خط میں لکھا کہ ’اسرائیل کا کمرشل اور سویلین بحری جہازوں پر حملوں کا ایک تاریک ریکارڈ ہے۔ دو برس سے بھی کم عرصے میں اس نے شام کے لیے غذائی امداد اور تیل لے جانے والے کمرشل جہازوں پر 10 سے زیادہ حملے کیے۔‘
گذشتہ ہفتے ہونے والے حملے میں رومانیہ سے تعلق رکھنے والے جہاز کے کپتان اور عملے کے ایک ممبر ہلاک ہوگئے تھے۔

شیئر: