Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ فیصل بن فرحان کی یمنی وزیر خارجہ سے ملاقات، یونانی ہم منصب سے رابطہ

تمام شعبوں میں تعلقات مضبوط تر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا ہے( فوٹو ایس پی اے) 
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بدھ کو دفتر خارجہ ریاض میں یمنی وزیر خارجہ و امور تارکین ڈاکٹر احمد مبارک نے ملاقات کی ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق انہوں نے دونوں برادر ملکوں کےعوام اور حکومتوں کے گہرے برادرانہ رشتوں اور تمام شعبوں میں انہیں مضبوط تر بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ 
دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے  برادر ملک یمن میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری سعودی اقدامات اور کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔

 سعودی دفتر خارجہ کے ابراہیم بن سعد بن بیشان بھی ملاقات میں موجود تھے(فوٹو ایس پی اے)

فریقین نے یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی اور یمنی بھائیوں کے خلاف حوثیوں کی انسانیت سوز سرگرمیوں کو بند کرانے کے لیےعلاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سعودی عرب کی کوششوں پر بات چیت کی۔
انہوں نے یمنی بھائیوں کے مصائب کا بوجھ کم کرنے کےلیے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے انسانیت نواز اور ترقیاتی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر سعودی دفتر خارجہ کے ابراہیم بن سعد بن بیشان بھی موجود تھے۔
سعودی وزیر خارجہ کا یونانی ہم منصب سے رابطہ
علاوہ ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو اپنے یونانی ہم منصب نکوس ڈینڈیاس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ 
ایس پی اے کے مطابق انہوں نے یونان بھر میں آتشزدگی کے واقعات پر سعودی عرب کی طرف سے یکجہتی کااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں سعودی عرب، یونان، اس کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ مملکت آگ پر قابو پانے اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے مدد کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے اس موقع پر دونوں دوست ملکوں کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی دلچسپی کے متعدد امور زیر بحث آئے۔

شیئر: