Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کابل ایئرپورٹ کا ایشو‘ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا: ترک وزیر دفاع

ترکی اور امریکہ کے درمیان حالیہ دنوں میں اس حوالے سے مذاکرات کے کئی دور ہوئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ترکی کے وزیر دفاع ہلوسی آکار نے کہا ہے کابل ایئرپورٹ کا کھلا رہنا ایئر پورٹ کے لیے سود مند ہے اور یہ ایشو آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطاق ترک وزیردفاع ہلوسی آکار اسلام آباد میں ترک سفارت خانے میں گفتگو کر رہے تھے۔
خیال رہے ترکی نے امریکہ اور نیٹو افواج کی افغانستان سے انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ کی حفاظت کے لیے اپنی فوجیں تعینات کرنے کی پیشکش کی ہے۔
آکار نے کہا کہ ایسی تجاویز بھی سامنے آئی تھی کہ اگر کابل ایئرپورٹ بند ہوا تو تمام سفارت خانے مکمل بند ہو جائیں گے۔ ’اس لیے ہم اس حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرتے رہتے ہیں کہ ایئرپورٹ کو کھلا رہنا چاہیے۔ آنے والے دنوں میں یہ ایشو واضح ہوگا۔‘
روئٹرز نے دو نامعلوم  ترک عہدیداروں کے حوالے سے بتایا کہ انقرہ ابھی تک ایئرپورٹ کی حفاظت اور اسے کھلا رکھنے کے حوالے سے اپنی تجویز پر قائم ہے ’تاہم ہم طالبان کی جانب سے تیزی سے پیش قدمی کو مانیٹر کر رہے ہیں۔‘
ترک وزیر دفاع کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جمعرات کو افغان افواج طالبان کے ساتھ کئی شہروں میں برسر پیکار ہے اور امریکی انٹلیجنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان 90 دنوں کے اندر کابل پر قبضہ کر سکتے ہیں۔
کابل ایئرپورٹ کی سکیورٹی کے لیے ترک افواج کی تعیناتی کے بدلے میں صدر رجب طیب اردوغان نے کئی معاشی، سفارتی اور لاجسٹک شرائط کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خیال رہے ترکی اور امریکہ کے درمیان حالیہ دنوں میں اس حوالے سے مذاکرات کے کئی دور ہوئے ہیں۔

شیئر: