Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’افغانستان میں انڈین ہیلی کاپٹر طالبان کے محفوظ ہاتھوں میں‘

سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے افغانستان کے قندوز ایئرپورٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی جا رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر کے اردگرد طالبان جنگجو موٹرسائیکل پر گھوم رہے ہیں اور کچھ اس ہیلی کاپٹر کے ساتھ تصویریں بنوا رہے ہیں۔
یہ ویڈیو طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے بھی شئیر کی گئی تھی۔
سوشل میڈیا پر افغانستان کی صورتحال پر نظر رکھنے والے صحافی اور صارفین کہتے ہیں کہ یہ ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر دراصل انڈیا نے افغانستان کو تحفے کے طور پر دیا تھا۔
ٹوئٹر پر مزید سرچ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ انڈیا نے 4 ہیلی کاپٹرز افغانستان کو 2019 میں دیے تھے، جن میں سے دو ہیلی کاپٹر مئی میں افغانستان کے حوالے کیے گئے اور باقی دو اسی سال اکتوبر میں۔
افغانستان میں انڈین سفاتخانے کی جانب سے ٹویٹ کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ ہیلی کاپٹرز قائم مقام افغان وزیر دفاع اسداللہ خالد کی موجودگی میں افغان سکیورٹی فورسز کے حوالے کیے گئے تھے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی لوگ بات کرتے نظر آ رہے ہیں اور خصوصاً ایم آئی 35 ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
ایک صارف میجر ریٹائرڈ عدیل راجہ کہتے ہیں کہ ’انڈیا کی جانب سے تحفہ میں دیا گیا ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر اب طالبان کے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔‘

انڈین صحافی یوسف انجھاوالا اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ’افغانستان کو ہتھیار مہیا کرتے وقت انڈیا کو یہ ڈر تھا کہ یہ ہتھیار طالبان کے ہاتھوں لگ سکتے ہیں۔‘

احمد علی نامی ای صارف نے تو انڈیا پر پابندیوں کا مطالبہ بھی کر دیا اور طنزاً کہا کہ ’انڈیا افغانستان میں دہشتگردوں کی حمایت کررہا ہے۔ وہ طالبان کو فوجی ساز و سامان بشمول ایم آئی 35 افغان فورسز کے ذریعے مہیا کر رہے ہیں۔‘
یہاں پر ایک اور سوال اٹھتا ہے کہ کیا طالبان اس ہیلی کاپٹر کو اڑانے کی اہلیت رکھتے ہیں؟
ایک ٹوئٹر صارف طنز کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’طالبان کا افغانستان میں ایم آئی 35 کیساتھ جھاڑو باندھ کر صفائی کرنے کا اصولی فیصلہ۔‘

افغان اور انڈین میڈیا کی جانب سے یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ طالبان کے قبضے میں آنے والا ہیلی کاپٹر خراب ہوچکا تھا اور اس کے پرزے دیگر ہیلی کاپٹرز میں لگا دیے گئے تھے۔ 
خیال رہے کہ ایم آئی 35 روسی ساختہ جنگی ہیلی کاپٹر ہے اور اسے روسی ہیلی کاپٹر ایم آئی 24 کا ایکسپورڑ ورژن ہے جوکہ ٹرانسپورٹ اور جنگی مشنز کے دوران استعمال کیا جاتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق ایم آئی 35 کی تیاری 2005 میں شروع کی گئی تھی اور اس میں جدید ہتھیار نصب کئے گئے ہیں۔ یہ جنگی ہیلی کاپٹر زمین پر دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ساتھ ساتھ فوجی مہموں میں زمینی افواج کو ہوائی سپورٹ بھی دے سکتا ہے۔
یہ ہیلی کاپٹر دنیا کے بیشر ممالک بشمول وینزویلا، برازیل، آزربائجان، نائجیریا، قازقستان اور مالی میں استعمال کئے جارہے ہیں۔

شیئر: