افغان عوام جو راستہ منتخب کریں گے ساتھ دیں گے: رابطہ عالم اسلامی
تمام فریق ہر ایک کی سلامتی اور امن کا خیال رکھیں(فوٹو ٹوئٹر)
رابطہ عالم اسلامی نے افغانستان کے تمام فریقوں سے عوام کی جان و مال کی سلامتی کا مکمل خیال رکھنے کی اپیل کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق رابطہ عالم اسلامی نے بدھ کو بیان میں کہا کہ ’افغانستان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں پر گہری نظر رکھے ہوئےہیں‘۔
رابطہ عالم اسلامی نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ’تمام فریق جان و مال کی حفاظت کریں۔ ہر ایک کی سلامتی اور امن کا خیال رکھیں۔ جو افغانستان میں رہنا چاہتا یا وہاں سے نکلنا چاہتا ہو ایک کا خیال رکھا جائے‘۔
سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی نے امید ظاہر کی کہ’ افغانستان میں جلد حالات مستحکم ہوجائیں گے اور تمام افغان عوام وطن عزیز کی فلاح و بہبود کے لیے مل کر کام کریں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ رابطہ عالم اسلامی امت مسلمہ کے علما اور مفتی اعلی کی طرف سے افغانستان کو یہ یقین دلانا چاہتا ہے کہ ہم سب افغان عوام کے ساتھ ہیں۔ افغان عوام جو راستہ منتخب کریں گے اس کا ساتھ دیا جائے گا‘۔
’انہیں دینی اور قومی اخوت کے دائرے میں پروقار زندگی گزارنے کا حق ہے۔ دینی اور قومی اخوت کا تقاضا ہے کہ سب دینی اور قومی شعور کا مظاہرہ کریں۔ کوئی کسی کو دیوار سے نہ لگائے اور یکطرفہ رائے نہ تھوپی جائے۔ افغانستان اسلامی اور بین الاقوامی دنیا کا اہم حصہ ہے‘۔
ڈاکٹر العیسی نے کہا کہ ’افغانستان کے تمام ارباب فکر و نظر کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیگر تمام بنیادوں سے بالا ہوکر افغانستان کے اعلی مفاد کو ترجیح دیں‘۔