Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کچھ لوگ کام کے بجائے تصاویر سے توجہ حاصل کرتے ہیں‘

آغا علی کی تھرلر فلم ’رات‘ اردو فلیکس پر ریلیز ہوگی (فوٹو: آغا علی فیس بک)
شہریار منور کے بعد اداکار آغا علی نے بھی ہدایتکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا ہے اور سٹریمنگ ویب سائٹ اردو فلیکس پر ان کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’رات‘ کے پوسٹرز جاری ہوئے ہیں جس میں وہ اپنی اہلیہ حنا الطاف کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ 
آغا علی اور حنا الطاف گذشتہ سال شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور وہ ایک ساتھ ’دی کپَل شو‘ کی میزبانی بھی کر چکے ہیں لیکن اب ان کے مداح دونوں کو ایک ساتھ فلم میں دیکھیں گے۔ 
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آغا علی نے اس ویب فلم کے حوالے سے بتایا کہ ’یہ ایک گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل سسپنس تھرلر فلم ہے، جو رواں مہینے کے اواخر میں ریلیز ہوگی۔ اس فلم کا ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی میں خود ہوں۔‘
حنا الطاف کے ساتھ ٹی وی پر شو کرنے کا تجربہ ان کے لیے کیسا رہا؟ اس سوال کے جواب میں آغا علی نے بتایا کہ ’ان کے ساتھ شو کرنا اس لیے بھی بہت اچھا لگتا ہے کیونکہ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزرانے کا موقع میسر آ جاتا ہے۔ حنا کے علاوہ اگر کوئی ایسی ساتھی ہوسٹ ہوتی جسے میں ٹھیک سے نہ جانتا تو میرے لیے مشکل ہوتا۔‘ 
جب آغا علی سے یہ پوچھا گیا کہ حنا الطاف کو لائف پارٹنر بنانے کا خیال کیسے آیا تو انہوں نے بتایا کہ ’کام کے دوران بہت ساری لڑکیاں ملیں، دوستی بھی ہوئی لیکن ان میں سے بہت سی ایسی تھیں جو بناوٹی تھیں، مطلب یہ کہ وہ ویسی نہیں تھیں جیسا بن کر دکھا رہی تھیں۔ حنا کے ساتھ کام کر کے پتہ چلا کہ یہ تو بہت ہی اصلی انسان ہیں، اور نقلی پن والی تو اس میں بات ہی نہیں، سچ بولتی ہیں اور اپنے کام سے کام رکھتی ہیں۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے حنا سے ایک دن پوچھا کہ شادی کے بارے میں کیا خیال ہے تو انہوں نے مثبت جواب دیا جس کے بعد اپنی والدہ سے بات کی، والدہ نے کہا کہ اگر لڑکی اچھی ہے تو دیر نہ کرو، بس پھر حنا کے والد سے بات ہوئی تو شادی کے معاملات طے ہو گئے۔‘ 

آغا علی ’دل گمشدہ‘ جیسے مشہور ڈراموں میں کام کر چکے ہیں (فوٹو: آغا علی فیس بک)

آغا کہتے ہیں کہ انہیں بہت خوشی ہوتی ہے جب لوگ ان کی اہلیہ کے کام کو سراہتے ہیں۔
’حنا بہترین اداکارہ ہیں میں انہیں دس میں سے ساڑھے نو نمبر دوں گا۔‘
آغا علی کے بقول ان کی انڈسٹری میں زیادہ دوستیاں نہیں ہیں۔
’میرے قریبی دوست زیادہ تر انڈسٹری سے باہر کے ہیں اور اگر انڈسٹری میں قریبی ہیں بھی بہت کم، جیسے کہ علی سفینہ میرے بہت اچھے دوست ہیں۔‘ 
آج کل انڈسٹری کے نوبیاہتا جوڑوں کا سوشل میڈیا پر تصاویر پوسٹ کرنے کا ٹرینڈ بن چکا ہے اور اکثر کوئی نہ کوئی شوبز کپَل ویڈیو بنا کر ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتا نظر آتا ہے لیکن آغا علی اور حنا الطاف اس ٹریند میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہیں لیتے اور صرف اہم مواقع پر ہی اپنی تصاویر شیئر کرتے ہیں۔
اس حوالے سے آغا علی نے بتایا کہ ’پرسنل لائف کو پرسنل لائف اور پروفیشنل لائف کو پروفیشنل لائف کسی وجہ سے ہی کہا جاتا ہے۔ میں اپنی بیوی کے ساتھ گھر کے کسی بھی کونے میں کوئی تصویر لے کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا پسند نہیں کرتا کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ گھر کے اندر کی زندگی میری اپنی ہے اور یہ میری حد تک ہی رہنی چاہیے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب ایسا بھی نہیں ہے کہ ہم کوئی تصویر سوشل میڈیا پر لگاتے ہی نہیں، ہم عید پر ایک ساتھ تصویر بنا کر لگاتے ہیں اس لیے کہ ہم پبلک فِگر ہیں۔ باقی جوسلیبریٹیز اپنی تصاویر لے کر ہر وقت سوشل میڈیا پر جاری کرتی رہتی ہیں، شاید ان کو خوشی ملتی ہو گی۔ اصل میں جب ان کو اپنے کام سے لوگوں کی توجہ نہیں ملتی تو وہ توجہ حاصل کرنے کے لیے کچھ نہ کچھ کرتے رہتے ہیں۔‘  

آغا علی اپنی اہلیہ حنا الطاف کے ساتھ فلم ’رات‘ میں نظر آئیں گے (فوٹو: آغا علی انسٹا)

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’ہم دونوں گھر کے 70 فیصد کام خود کرتے ہیں، جس روز چھٹی ہو مل کر کام کرتے ہیں اور کھانا بھی بناتے ہیں۔‘ 
دونوں فنکار آج کل ڈراموں میں زیادہ نظر نہیں آ رہے، اس کی کیا وجہ ہے، اس سوال کے جواب میں آغا علی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ابھی تک ایسا سکرپٹ نہیں ملا جو ہماری پسند کا ہو، جیسے ہی ملا یقیناً ہم اپنے پرستاروں کو چھوٹی سکرین پر اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔‘

شیئر: