الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سوشل ڈویلپمنٹ بینک سے معاہدہ
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا سوشل ڈویلپمنٹ بینک سے معاہدہ
پیر 23 اگست 2021 14:10
مائیکرو بزنس کی خدمت کے لئے12بنیادی پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے الدرعیہ کے عوام کے لئے سماجی ترقی، کمیونٹی خدمات اور خیراتی کاموں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے سوشل ڈویلپمنٹ بینک کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق الدرعیہ گیٹ کے چیف ایگزیکٹو افسر جیری انزیریلو نے کہا ہے کہ اس معاہدے میں متعدد اقدامات اور منصوبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اس معاہدے کا مقصد سوشل ڈویلپمنٹ بینک کے ذریعے الدرعیہ کےعوام کو بااختیار بنانا ہے جو کہ سعودی عرب میں سماجی ترقی کو فعال بنانے کی ایک اہم اتھارٹی ہے۔
جیری انزیریلو نے مزید کہا ہے کہ اس معاہدے میں تاریخی بازاروں، مہمان نوازی کے پروگراموں، سکاؤٹس اور کمیونٹی سفیروں کے علاوہ کسانوں اور وسیع تر کمیونٹی کے لئے مزید شعبوں کو فعال کرنے کا پروگرام بنایا جائے گا۔
اس معاہدے میں تربیتی پروگرام بھی شامل ہیں جو سعودی نوجوانوں کو اپنے کاروبار کو ترقی دینے کے قابل بنائیں گے۔
اس تقریب کے موقع پر سوشل ڈویلپمنٹ بینک کے چیف ایگزیکٹو افسر ابراہیم الراشد نے کہا ہے کہ اس معاہدے سے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے تحقیق میں اشتراک، تبادلے اور تعاون کو فروغ ملے گا ۔
یہ معاہدہ الدرعیہ گیٹ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ماحولیاتی، معاشی اور سماجی پروگراموں کے مربوط ماحولیاتی نظام کے ذریعے کمیونٹی کو ترقی دینے کے اقدامات کے اندر کیا گیا ہے جو پائیدار ترقی کو فروغ دے گا۔
سوشل ڈویلپمنٹ بینک مقامی کمیونٹیز کو ترقی دینے اورغیر منافع بخش شعبے کو مدد فراہم کرنے کے لئے پائیدار پروگرام بنانے کی بھی کوشش کر رہا ہے۔
بینک نے متعدد صنعتوں میں کاروباری افراد اور مائیکرو بزنس کی خدمت کے لئے 12 بنیادی پروگرام شروع کیے ہیں۔
الدرعیہ کا علاقہ قدیم شہر کے ورثے اور یہاں کی تاریخ کو اجاگر کرتا نظر آتا ہے جس سے اس کے فن تعمیر، ثقافت اور آرٹ کے دیگر نمونوں کو فروغ حاصل ہو گا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں