Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور افغانستان کے درمیان ون ڈے کرکٹ سیریز ملتوی

افغانستان کی ٹیم کو بذریعہ سڑک پاکستان اور پھر دبئی جانا تھا (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان اور افغانستان کے درمیان آئندہ ماہ ہونے والی ون ڈے میچز کی سیریز ملتوی کردی گئی ہے۔ 
پیر کی رات پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصدیق کی گئی کہ ’دونوں ممالک کے درمیان ستمبر میں ہونے والی ایک روزہ میچز کی سیریز کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔‘
پی سی بی کے مطابق ’ون ڈے سیریز افغانستان کی درخواست پر ملتوی کی گئی ہے۔ 2022 میں سیریز کو ری شیڈول کرنے کی کوشش کریں گے۔‘
’براڈ کاسٹ سہولیات اور فلائٹ آپریشن کی بندش بھی سیریز ملتوی کرنے کی ایک وجہ بنی۔‘
اس سے قبل ای ایس پی این کرک انفو نے بتایا تھا کہ ’افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کے سی ای او حامد شنواری نے تصدیق کی تھی کہ افغانستان کے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کو ہمبنٹوٹا (سری لنکا) سے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
 طالبان کے ملک پر قبضے کے بعد کابل سے کوئی تجارتی پروازیں نہیں اڑ رہی ہیں جبکہ سری لنکا نے جمعہ کے روز 10 دن کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ افغانستان کی ٹیم کو بذریعہ سڑک پاکستان اور پھر دبئی جانا تھا۔ اس کے بعد انہیں سیریز کے لیے کولمبو پہنچنا تھا، لیکن کوویڈ 19 پروٹوکولز کی وجہ سے سفر میں کئی طرح کے چیلنجز سامنے آئے ہیں۔
افغانستان کے سکواڈ نے رواں ہفتے کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 3 ستمبر سے شروع ہونے والے ون ڈے میچوں کے مقام کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
اس دورے کے لیے افغانستان کی ٹیم کا 17 رکنی دستہ گذشتہ ہفتے کابل میں ٹریننگ کے لیے جمع ہوا تھا۔
اس دورے کے بارے میں ابہام کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے سکواڈ کے اعلان میں تاخیر کی ہے جو کہ 21 اگست کو ہونا تھا۔

شیئر: