Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں خواتین کی سپورٹ کےلیے شاہ سلمان مرکز کی خدمات اہم: اقوام متحدہ

200 سے زائد انتہائی ضرورت مند خواتین کو مالی مدد فراہم کی گئی( فائل فوٹو اے ایف پی)
اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ نے کہا ہے کہ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ساتھ شراکت داری نے یمن کی انتہائی کمزور خواتین اور لڑکیوں کو فراہم کی جانے والی حفاظتی خدمات کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے صنفی بنیادوں پر تشدد کو کم کرنے کے لیے حفاظتی خدمات کی بھر پور سپورٹ کی ہے جس سے 2021 کے آغاز سے یمن میں 65 ہزار سے زائد خواتین اور بچیاں مستفید ہو رہی ہیں۔
اب تک 30 ہزار سے زائد افراد کو آگاہی بڑھانے کے سیشن مہیا کیے جا چکے ہیں جبکہ تشدد کا سامنا کرنے والی 800 خواتین نے معاشی مہارت حاصل کرنے کے لیے ضروری تربیت حاصل کی۔ 200 سے زائد انتہائی ضرورت مند خواتین کو مالی مدد فراہم کی گئی جبکہ آٹھ محفوظ مقامات اور نو یمنی گورنریٹس میں ایک پناہ گاہ کو ضروری مدد ملی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اور اقوام متحدہ کے پاپولیشن فنڈ کے مابین شراکت داری نے 2105 سے سینکڑوں خواتین اور لڑکیوں تک رسائی اور انہیں تولیدی ہیلتھ کی خدمات اور تحفظ فراہم کرنے میں مدد دی ہے۔‘
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 69 ممالک میں مختلف قسم کے 1705 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.43 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 203 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔

شیئر: