Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دودھ پیا کرو بہت کمزور ہو گئی ہو‘، ’دا کپل شرما شو‘ میں باڈی شیمنگ؟

’دا کپل شرما شو‘ کو ماضی میں بھی اداکاراؤں کی جسامت پر نامناسب تبصروں کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا رہا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ میں کئی فنکار باڈی شیمنگ کے حوالے سے اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے اس کے خلاف آواز اٹھا چکے ہیں۔ کئی سلیبریٹیز کو ان کی رنگت، وزن اور جسامت کی وجہ سے ٹرول کیا جاتا ہے، یہ ٹرولنگ بعض اوقات سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ہوتی ہے تو کبھی انہیں اپنی انڈسٹری کے ساتھیوں سے نامناسب تبصرے سننے کو ملتے ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ وانی کپور نے مشہور ٹی وی پروگرام ’دا کپل شرما شو‘ میں اکشے کمار اور ہما قریشی کے ساتھ بطور مہمان شرکت کی۔
انڈیا نیوز کے مطابق یہ تینوں فنکار ’بیل باٹم‘ فلم کی پروموشن کے لیے شو میں آئے تھے اور سب ہی یہ جانتے تھے کہ چونکہ یہ ایک کامیڈی شو ہے اس لیے یہ سب کے لیے تفریح کا باعث ہوگا لیکن کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ ہنسی مذاق باڈی شیمنگ میں بدل جائے گا۔
دا کپل شرما شو میں ایک نیا سیگمنٹ شروع کیا گیا ہے جس میں سلیبریٹی کی سوشل میڈیا پوسٹس پر تبصرہ کیا جاتا ہے، اس سیگمنٹ کا نام ’پوسٹ کا پوسٹ مارٹم‘ رکھا گیا ہے۔
وانی کپور کی ایک پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ازراہ مذاق ایک جھوٹا کمنٹ پڑھا گیا کہ ’بھینس کا دودھ پیا کرو بہت کمزور ہو گئی ہو۔‘
اس تبصرے پر شو میں موجود سبھی افراد قہقہے لگانے لگے جبکہ وانی کپور شرمندہ سی دکھائی دیں۔
یہی نہیں بلکہ کامیڈین بھارتی سنگھ نے انہیں گلے لگاتے ہوئے یہ کہہ کر مذاق اڑایا کہ ’ایک اور کی جگہ ہے۔‘
’دا کپل شرما شو‘ کو ماضی میں بھی اداکاراؤں کی رنگت، وزن اور جسامت پر نامناسب تبصروں کی وجہ سے کافی تنقید کا سامنا رہا ہے۔ ابتدائی اقساط میں اس شو کے کامیڈینز اپنی ساتھی کامیڈین سمونا چکراورتی کے ہونٹوں اور ان کے بولنے کے انداز پر تبصرے کرتے ہوئے ان کا مذاق اڑاتے تھے۔

شیئر: