شروتی ہاسن کو ہونٹوں اور ناک کی سرجری کروانے پر سوشل میڈیا پر خاصا ٹرول کیا گیا(فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ میں اپنے معصومانہ انداز اور چہرے کے منفرد تاثرات کے ساتھ اداکاری کے لیے مشہور اداکارہ شروتی ہاسن نے ٹرولنگ کرنے والوں کو شٹ اپ کال دے دی ہے۔
شروتی ہاسن پر ایک عرصے سے تنقید کی جارہی تھی کہ انہوں نے اپنے چہرے کی پلاسٹک سرجری کرائی ہے اور ان کی پرانی تصاویر کو شیئر کرکے سوشل میڈیا پر انہیں ٹرولنگ کا نشانہ بنایا جارہا تھا۔
شروتی ہاسن نے جب بالی وڈ میں انٹری دی تھی تو اس وقت بھی ان کے وزن پر تبصرے کیے گئے تھے جس کے بعد ان کی جسامت میں نمایاں تبدیلی دیکھی گئی۔
ناقدین ان کی ’سلم اینڈ سمارٹ‘ جسامت پر بھی جملے کسنے سے باز نہ رہ سکے، کسی نے انہیں ’حد سے زیادہ دُبلی‘ کہا تو کسی نے ان کی جسامت کو ’غیرمعمولی‘ قرار دیا۔
یہی نہیں بلکہ ہونٹوں اور ناک کی بناوٹ بدلنے کے لیے سرجری کروانے پر بھی انہیں سوشل میڈیا پر خاصا ٹرول کیا گیا۔ لیکن اب بلآخر شروتی حسن نے اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں ایسے تمام ناقدین کو کرارا جواب دے ڈالا ہے۔
انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی دو تصاویر کا کولاج شیئر کرتے ہوئے ایک تفصیلی نوٹ تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’مجھے لوگوں کی اپنے بارے میں رائے سے فرق نہیں پڑتا لیکن یہ کہنا کہ یہ تو پہلے موٹی تھی اب یہ اتنی پتلی ہے، ایسے تبصرے قابل اعتراض ہیں۔‘
شروتی ہاسن نے اس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کرائی ہے۔ ’میں نے اپنے لیے اس طرح زندگی جینے کو چُنا ہے اور میں اس پر شرمندہ نہیں ہوں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’میں یہ خوشی سے کہہ سکتی ہوں کہ یہ میری زندگی ہے، میرا چہرہ ہے اور ہاں میں نے پلاسٹک سرجری کرائی ہے اور میں اس کا اعتراف کرنے میں شرمندگی محسوس نہیں کرتی۔‘
شروتی نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’کیا میں نے اس (پلاسٹک سرجری) کی تشہیر کی؟ نہیں۔ کیا میں نے اس کی مخالفت کی؟ نہیں۔ ہم خود اپنی ذات پر جو احسان کرسکتے ہیں وہ ہے کہ اپنے جسم اور دماغ کی تبدیلیوں کو اپنانا۔‘
اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’محبت پھیلائیں اور خوش رہیں۔ میں ہر روز خود سے تھوڑا زیادہ پیار کرنا سیکھ رہی ہوں کیونکہ میری زندگی کی سب سے بڑی محبت کی کہانی خود میرے اپنے ساتھ ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ کی بھی یہی ہوگی۔‘