Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: بارودی سرنگ اور بم دھماکے سے چار سکیورٹی اہلکار ہلاک، سات زخمی

زخمیوں کو کوئٹہ کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے (فوٹو: بلوچستان لیویز فورس فیس بک)
بلوچستان میں بارودی سرنگ اور بم دھماکے کے دو الگ الگ واقعات میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ سات زخمی ہوئے ہیں۔
‏پنجگور کی تحصیل گوارگو کے علاقے بالگتر میں ایف سی کی پٹرولنگ پارٹی پر بم حملہ میں ایک اہلکار شہید جب کہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ ایک اور واقعہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے بالگتر کلکورمیں ایف سی چوکی پر فائرنگ کی جس سے ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔
بلوچستان ہی کے ایک اور علاقے میں منگی ڈیم کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے سے لیویز فورس کے تین اہلکار ہلاک جب کہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
جمعرات کو پیش آنے والے واقعے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ کے طبی مرکز  منتقل کیا گیا ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے ٹوئٹر پر واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لیویز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث میجر رسالدار، حوالدار اور ایک سپاہی ہلاک ہوئے جب کہ تین سپاہی زخمی ہوئے ہیں۔

پاکستان کے رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں حالیہ مہینوں کے دوران سکیورٹی فورسز پر اس طرز کے کئی حملے ہوچکے ہیں۔
چند روز قبل ایسے ہی ایک حملے میں پاکستانی فوج کا ایک کیپٹن ہلاک جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔ ایسے حملوں کی ذمہ داری کالعدم بلوچ شدت پسند تنظیمیں قبول کرتی ہیں۔

شیئر: