افغانستان سے آنے والوں کے لیے پاکستان کا 21 روزہ ٹرانزٹ ویزہ: شیخ رشید
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آنے والوں کو اپنے خرچے پر قیام کرنا پڑے گا (فوٹو: اے پی پی)
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سے آنے والوں کو 21 روز کا ٹرانزٹ ویزہ دے گا۔
جمعے کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ورلڈ بینک، آئی این ایف، این جی اوز، صحافی جن کا تعلق کسی بھی ملک سے پاکستان کا ویزہ حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے یہ وضاحت بھی کی کہ طورخم یا اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے والے افغانوں کو بھی ٹرانزٹ ویزہ دیا جائے گا۔
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان آنے والے غیرملکیوں کو اپنے خرچے پر رہنا پڑے گا۔
’امریکہ، برطانیہ، فرانس سمیت تمام ممالک کے سفارت کاروں کو ویزے دینے کو تیار ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چمن اور طورخم بارڈر کھلے ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہو چکی ہے، اس کے پاس اب کیا ہے۔‘
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو مشورہ دیتے ہوئے کہ ان کو اب ارد گرد بدلتے حالات کی مناسبت سے قومی ذمہ داری کی سیاست کرنی چاہیے۔
نواز شریف کی واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر وہ آنا چاہیں تو انہیں 24 گھنٹے میں عارضی پاسپورٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔