ٹی ٹی پی افغانستان کی سرزمین استعمال نہیں کر سکتی: شیخ رشید
ٹی ٹی پی افغانستان کی سرزمین استعمال نہیں کر سکتی: شیخ رشید
پیر 23 اگست 2021 12:11
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ افغانستان کی سرزمین تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’افغانستان میں جیل ٹوٹنے کے نتیجے میں ٹی ٹی پی کے فقیر محمد اور بعض دوسرے لوگوں کی بھی رہائی ہوئی تاہم متعلقہ قوتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
شیخ رشید کے مطابق پاکستان دنیا کی سیاست میں بہت اہمیت اختیار کرنے جا رہا ہے اب عالمی سیاست میں پاکستان کا اہم کردار ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے افغانستان کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر اور اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے افغانستان میں امن ہو، پاکستان دنیا کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزارت داخلہ اپنی صلاحیت کو بڑھا رہی ہے تاکہ اگر ویزے جاری کرنا پڑیں تو کیے جا سکیں۔
افغان مہاجرین کی ممکنہ آمد کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ابھی حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
شیخ رشید نے چینی شہریوں پر ہونے والے حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کچھ نادیدہ ہاتھ سی پیک کے خلاف سرگرم ہیں۔ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے۔
وزیر داخلہ نے سی پیک کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کی ترقی کا زینہ بھی ہے۔
انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کمٹمنٹ ہے کہ سی پیک منصوبے کو ہر صورت میں آگے بڑھایا جائے گا۔
چینی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی 40 کمپنیوں کو فوج نے امبریلا فراہم کر رکھا ہے۔
شیخ رشید نے داسو، سرینا ہوٹل کوئٹہ اور فشر کالونی کے دھماکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہے کہ کچھ لوگ ان چائنیز کی جانوں سے اس لیے کھیل رہے ہیں کہ دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے کل چین کے سفیر کو بھی یقین دلایا ہے کہ وہاں کے شہریوں کو پاکستان میں ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
چینی شہریوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کے حوالے سے وزیر داخلہ نے بتایا کہ ان کے تمام ملزم پکڑے جا چکے ہیں۔
’آج تک ایسا کوئی بھی واقعہ نہیں جس کے تہہ تک ادارے نہ پہنچے ہوں، فشر کالونی کے واقعے کی تہہ تک بھی پہنچ گئے ہیں۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کی بیرون ملک جانے کی درخواست کے حوالے سے پوچھے گئے سوال انہوں نے کہا کہ انہوں نے درخواست نہیں دی ہے۔
ان کے بقول ’عدالت کے حکم پر شرجیل میمن کو اجازت دی گئی ہے جبکہ شہباز شریف کی درخواست کا وقت گزر گیا ہے اس لیے اب وہ اور مریم دونوں یہیں رہیں گے۔